پی ایس ایل ، احمد شہزاد اور لیوک رائٹ کی طوفانی بیٹنگ :کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کو آٹھ وکٹوں سے ہرا دیا، پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست
دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )پی ایس ایل کے ایک میچ میں احمد شہزاد اور لیوک رائٹ کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 8وکٹوں سے ہرا دیا اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگئی۔احمد شہزاد اور رائٹ نے پہلی وکٹ کی شراکے میں 92رنز بنا کر ٹیم کو جیت کی طرف گامزن کیا۔احمد شہزاد 71اور لیوک رائٹ نے41رنز بنائے۔ پیٹرسن 29اور کپتان سرفراز احمد دو رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔ گلیڈی ایٹرز نے 148کا ہدف دو وکٹوں پر 18ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ احمد شہزاد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا اور مخالف ٹیم کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی،کراچی کنگز مقررہ 20اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147رنز بنانےمیں کامیاب ہوئی جس میں بوپارا40 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ شعیب ملک 37رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
اس سے قبل کراچی کنگز کی جانب سے سائمن اور نعمان نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا تاہم نعمان زیادہ دیر وکٹ پر قدم جمانے میں کامیاب نہیں ہو سکے اور صرف 7 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر پولین لو ٹ گئے۔اوپنگ پر آئے سائمن بھی محض 11 رنز بنانے میں ہی کامیا ب ہوئے اور محمد نواز کی گیند کا نشانہ بنے۔جیمز ونس تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلئے پچ پر آئے اچھی بیٹنگ کا مظاہر ہ کرتے ہوئے 30 رنز بنا کر محمد نبی کی گیند پر آوٹ ہو گئے۔