کراچی کنگز نے اسلام آباد یو نائیٹڈ کو ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 8 رنز سے شکست دیدی
شارجہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی کنگز نے اسلام آباد یو نائیٹڈ کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 8رنز سے شکست دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا جس کے باعث میچ کو 13 اوورز تک محدود کر دیا گیا جس پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 13 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز کا ٹارگٹ دیا۔کراچی کنگز نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو ایک بار پھر سے بارش شروع ہو گئی اسی طرح میچ دو مرتبہ بارش کے باعث روکا گیا۔کراچی کنگز نے 91 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 9.4 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 75 رنز بنالیے تھے کہ پھر بارش شروع ہو گئی جس کے باعث ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت کراچی کنگز کو فاتح قرار دیا گیا۔
کراچی کنگز کے پہلے بلے باز کرس گیل صرف 2 رنز بنانے کے بعد پہلے ہی اوور میں محمد عرفان کی گیند پر محمد سمیع کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔کپتان سنگا کارا بھی زیادہ دیر تک قدم نہ جما سکے اور صرف 2 رنز بنانے کے بعد پویلیئن لوٹ گئے۔بلے باز شعیب ملک اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور وہ بھی صرف 6 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوگئے ۔ روی بوپارا بھی صرف 1 رن بنانے کے بعد رن آوٹ ہوگئے۔
قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز ہوا تو اوپننگ جوڑی زیادہ دیر تک نہ چل سکی اور پہلے بلے باز سیم بلنگز پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی سکور کیے عماد وسیم کی گیند پر آوٹ ہوگئے۔دوسرے بلے باز بریڈ ہیڈن بھی زیادہ رنز نہ بنا سکے اور وہ بھی عماد وسیم کی گیند پر 6 رنز بنانے کے بعد پویلیئن لوٹ گئے۔ تیسرے بلے باز ڈوین سمتھ نے 29رنز بنائے اور اسامہ میر کی گیند پر سنگا کارا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔کپتان مصباح الحق نے صرف 16رنز بنائے اور اسامہمیر کی گیند پر آوٹ ہوئے ۔بلے باز شین واٹسن 26 عمران خالد 1 اور آصف علی 5 رنز بنانے کے بعد پویلیئن لوٹ گئے جبکہ محمد سمیع نے صرف 1 سکور کیا اور رن آوٹ ہوگئے۔کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم اور اسامہ میر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں اور عثمان خالد ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
واضح رہے کہ بارش کے باعث میچ اپنے مقررہ وقت سے لیٹ شروع ہوا اور میچ کے دوران بھی بارش وقفے وقفے سے ہو تی رہی ۔اس سے پہلے پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مد مقابل تھے جن کا میچ بھی بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو 1،1 پوئنٹ ملا۔