فائنل لاہور میں کھیلنے کیلئے بیتاب ہوں لیکن قومی ذمہ داریوں کے باعث پاکستان آ نہیں سکوں گا: شکیب الحسن
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے بنگلہ دیش کے آل راﺅنڈر شکیب الحسن نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں کھیلنے کیلئے بے تاب ہیں تاہم پشاور زلمی کے فائنل میں پہنچ جانے کی صورت میں قومی ذمہ داریوں کے باعث پاکستان نہیں آ سکیں گے۔
نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے شکیب الحسن نے کہا کہ انہیں آخری مرتبہ 2008ءمیں پاکستان آ کر کھیلنے کا موقع ملا جو بہت خوشگوار تجربہ رہا، سٹیڈیم، شائقین اور ماحول سمیت سب چیزیں بہت زبردست تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حالات بہتر ہونے پر دوبارہ پاکستان آ کر کھیلنا چاہتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے پاکستان کے باہر انعقاد سے اس کی کچھ رونقیں ضرور ماند پڑی ہیں، اگر ایونٹ کا انعقاد پاکستان میں ہوتا تو اور زیادہ جوش و جذبہ دیکھنے کو ملتا۔
واضح رہے کہ شکیب الحسن اور دوسرے بنگلہ دیشی پلیئرز انٹرنیشنل مصروفیات کی وجہ سے 28 فروری کو پی ایس ایل کو خیرباد کہہ کر وطن واپس چلے جائیں گے۔
TapMad نے ہمہ وقت سرگرم رہنے والوں کے لئے انٹرٹینمنٹ کی نئی دنیا متعارف کروادی
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سری لنکا اور دیگر ممالک کے متعدد کھلاڑی بھی اپنی قومی ذمہ داریوں کے باعث فائنل میچ سے پہلے ہی وطن لوٹ جائیں گے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ لاہور آنے پر رضامند کئی غیر ملکی کھلاڑی صرف اس وجہ سے لاہور نہیں آ سکتے کیونکہ انہوں نے مختلف سیریز کیلئے اپنی اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی کرنی ہے۔