ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پولیس کا چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے سرچ آپریشن ،خوف سے نوجوان دوشیزہ دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق
ٹوبہ ٹیک سنگھ (مانیٹرنگ ڈیسک) سرچ آپریشن کے دوران پولیس کے اچانک گھر میں داخل ہونے سے خوفزدہ ہوکر دل کا دورہ پڑنے سے 18سالہ اقراء پروین جاں بحق ہوگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس اورقانون نافذ کرنے والے سیکورٹی اداروں کی طرف سے کمالیہ کے محلہ فتح پور میں سرچ آپریشن جاری تھا ،کہ پولیس اہلکار چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے محمد سلیم نامی شخص کے گھر داخل ہوئے، پولیس اہلکاروں کی طرف سے اچانک گھر میں داخل ہونے پر جواں سال اقراء پروین خوفزدہ ہوکر زمین پر گر گئی ،اور زمین پر گرتے ہی اسے دل کا دورہ پڑ گیا ،جس پر اسے فوری طور پر ہسپتال لیجایا جارہا تھا کہ وہ راستہ میں ہی دم توڑ گئی ،جواں سال اقراء پروین کی اس المناک موت پر اسکے ورثاء نے پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کمالیہ رجانہ روڈ بلاک کردی ،جس کے باعث تقریبا دو گھنٹے تک ٹریفک جام رہی ،اور لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،ڈی ایس پی کی طرف سے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی پر ورثاء پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔