بلاول کا الطاف کو غدار کہنا سیاسی بیان تھا ، عمران خان کی اپوزیشن سے حکومت مضبوط ہو رہی ہے : قمر الزمان قائرہ
لندن(عرفان الحق) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا مقدمہ درست مگر طریقہ کار ٹھیک نہیں ہے، عمران خان جس طرح کی اپوزیشن کررہے ہیں اس سے حکومت اور مضبوط ہو رہی ہے۔ بلاول کا الطاف حسین کو غدار کہنا سیاسی بیان تھا۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں پاکستان پیپلز پارٹی لندن کی طرف سے پاکستان پریس کلب یوکے کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں دئیے گے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کسی اپوزیشن جماعت کو ساتھ نہیں لیا ساری اپوزیشن جماعتیں پاناما لیکس کے خلاف یک زبان ہیں لیکن عمران خان کو سولو فلائٹ کرنے کا شوق ہے اور ان کا اپوزیشن پارٹیوں کو بلانے کا طریقہ کار بھی درست نہیں۔
قائرہ کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے اور وہ دھاندلی بیگوں میں بندھ ہے۔ جس جس حلقے میں بیگ کھلے دھاندلی ثابت ہوئی۔” عمران خان کا مقدمہ بلکل درست ہے لیکن وہ غلط انداز میں لڑ کر حکومت کو مزید مضبوط کررہے ہیں“۔
بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے متحدہ کے بانی کے حوالہ سے غداری کے نعرے کو انہوں نے سیاسی نعرے قرار دیتے ہوئے قائرہ نے کہا کہ سیاسی جلسوں کی تقریریں مختلف اور پارلیمنٹ کے اندر مختلف ہوتی ہیں۔” بلاول کا الطاف حسین کو غدار کہنا سیاسی بیان تھا“۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ کے سابق صدر محسن باری ، میاں افضل خالد ، ریاض خان ، کونسلر اظہر بڑھالوی ، آصف علی خان ، سلطان حیات ، ریاض کومھروی ، انجم جرال ، ناحیدحیات کے علاوہ پریس کلب کے نومنتخب عہدیداران صدر شوکت ڈار، جنرل سیکرٹری نسیم صدیقی،سینئر نائب صدر اعجاز فضل، سینئر صدر مبین تشدید،انفارمیشن سیکرٹری عرفان الحق، فنانس سیکرٹری احسان شاہد کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔
قمر زمان کائرہ نے پریس کلب کے تمام نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دیار غیر میں رہنے والے صحافی ملک کے حقیقی سفیر ہوتے ہیں جو یہاں بسنے والی کمیونٹءکو اپنے ملک کے ساتھ جوڑے رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کی بحالی میں آورسیز صحافیوں کی خدمات کی تعریف بھی کی ۔