لندن: وین نے مسجد سے نکلنے والے نمازیوں کو کچل دیا ، 1 شہید ، متعد د زخمی
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )شمالی لندن کی فنز بری مسجد کے باہر ایک شخص نے نمازیوں پر گاڑی چڑھا دی جس کے باعث 1 شخص شہید اور 10 سے زائد زخمی ہو گئے ۔شہید اور زخمی ہونے والے نماز کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر آرہے تھے۔
بی بی سی کے مطابق سیون سسٹر روڈ پر واقع فنزبری مسجد کے باہر ایک وین ڈرائیور نے نمازیوں کو اس وقت کچل دیا جب وہ عبادت کے بعد مسجد سے باہر آرہے تھے۔واقعے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ایک نمازی شہید اور 10 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مسلم کونسل برطانیہ کا کہنا ہے کہ وین ڈرائیور نے جان بوجھ کر گاڑی لوگوں پر چڑھا دی۔' عینی شاہدین کے مطابق یہ علاقہ خاصا مصروف تھا کیونکہ رمضان کے سبب لوگ شام کی نماز ادا کرنے آئے تھے۔
سیون سسٹر روڈ کے قریب ایک فلیٹ میں رہنے والی عینی نے بتایا کہ ہر کوئی چیخ رہا تھا۔ ہر کوئی کہہ رہا تھا کہ وین نے لوگوں کو ٹکر مار دی ہے۔ لوگ مسجد سے نماز ادا کر کے نکل رہے تھے کہ وین نے انہیں ٹکر مار دی۔
لندن میٹروپولیٹن پولیس نے کہا ہے کہ سیون سسٹر روڈ کو بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی دیگر ہنگامی خدمات کی تعیناتی کی گئی ہے۔ اس حادثے کی ایک آن لائن ویڈیو میں لوگوں کو زخمیوں کی مدد کرتے ہوئے اور ایک آدمی ایک زخمی کو ہنگامی طبی امداد دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔اس سے پہلے تین جون کو لندن برج پر اور اس کے پاس کے علاقے میں لوگوں پر حملہ ہوا تھا جسے پولیس نے شدت پسند حملہ قرار دیا تھا۔