سبی میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن ،مطلوب شدت پسند کمانڈر ہلاک 12 دہشت گرد گرفتار، بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد
سبی(مانیٹرنگ ڈیسک)سبی کے علاقے سمنگان میںسیکیورٹی فورسز کا سرچ آپریشن ، فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت10دہشت گرد ہلاک اور 12کوگرفتار کر لیا گیا۔ دوسری طرف سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے پنجپائی میں بارود سے بھرا ٹریکٹر بھی برآمد کر لیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور حساس اداروں نے خفیہ اطلاع ملنے پر سبی کے علاقے سمنگان میں دہشت گردوں کی موجودگی پر سرچ آپریشن کیا گیا، جس میں فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر اسلم عرف اچھو سمیت 10دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ12کو گرفتار کر لیا گیا۔ایف سی ترجمان کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے تین ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا جبکہ ان ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ کالعدم تنظیم کا اہم کمانڈر اسلم عرف اچھو 1999ءسے مطلوب تھا جبکہ اسکے سر کی قیمت30لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی جبکہ ایک اور کارروائی میں ایف سی نے پنجپائی کے علاقے میں پاک افغان سرحد کے قریب ایک ٹریکٹر سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیزمواد اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر کے دو افراد کو گرفتار کرلیا جن کو تفتیش کےلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ٹریکٹر سے برآمد ہونے والے اسلحے میں40عدد بم دھماکہ خیز مواد سے بھرے 54 اور ڈیٹونیٹرز سے بھرے 7 بیگ قبضے میں لے لئے گئے ۔