شمالی وزیرستان ، چیک پوسٹ پر حملہ، میجر شہید،5 دہشت گرد ہلاک
میرانشاہ ( آن لائن) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں نے حملہ کرکے پاک فوج کے میجر اسماعیل کو شہید کردیا جبکہ فورسز کی جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گرد بھی مارے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے افغان سرحد کے قریب اسپن وام کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف حملہ پسپا کیا بلکہ پانچ دہشت گردوں کو بھی ہلاک کیا، حملہ پسپا ہوتے دیکھ کر دیگر دہشت گرد فرار ہوگئے۔ واضح رہے پاک فوج کا شمالی وزیرستان میں آپریشن جاری ہے جس کے بارے میں فوجی و سول قیادت نے کہا ہے یہ 95 فیصد مکمل اور حتمی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ سوات کی تحصیل کبل کے علاقے ننگولئی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے امن کمیٹی کے ممبر اور جنرل کونسلر غلام سعید جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزموں نے مقتول کو نمازکی ادائیگی کے بعد گھر جاتے ہوئے نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے حملے میں غلام سعید کا ایک ساتھی بھی زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔
سوات قومی امن جرگے کے ترجمان رحمت شاہ ساحل نے بتایا ان حملوں میں شدت کے باعث علاقے سے امن کمیٹیوں کے زیادہ تر ارکان بیرون ملک یا دیگر محفوظ علاقوں میں منتقل ہوگئے ہیں۔ گوادر میں ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے تین انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے، ایف سی کے مطابق گرفتار دہشت گرد بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں اور دستی بم حملوں میں ملوث رہے ہیں۔ اس کے علاوہ دہشت گردوں نے مستقبل میں مزید اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ بنایا تھا۔ دہشت گردوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور اہم انکشافات کی توقع ہے۔
سکیورٹی فورسز اور حساس اداروں نے ڈیرہ بگٹی میں بھی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا جبکہ خضدار میں لیویز چیک پوسٹ پر لیویز نے چیکنگ کے دوران کارروائی کرتے ہوئے قلات کے رہائشی سے مارٹر گن کلاشنکوف اور ہزاروں راﺅنڈز برآمد کر لئے، ملزم کراچی جا رہا تھا۔ آئی این پی کے مطابق شہید ہونیوالے میجر کا جسد خاکی بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور منتقل کردیا گیا۔