لاہور دھماکہ میں شہید ہو نے والے اوکاڑہ کے دو کانسٹیبلان کی نماز جنازہ ادا،سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا

لاہور دھماکہ میں شہید ہو نے والے اوکاڑہ کے دو کانسٹیبلان کی نماز جنازہ ...
لاہور دھماکہ میں شہید ہو نے والے اوکاڑہ کے دو کانسٹیبلان کی نماز جنازہ ادا،سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اوکاڑہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور خود کش دھماکے میں گزشتہ روز شہید ہو نے والے اوکاڑہ کے 2  پولیس اہلکاروں  ندیم کمیانہ اور عرفان محمود کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کر دی گئی ، اعلیٰ پولیس افسران ،مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماوں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سمیت عوام کی بڑی تعداد کی نماز جنازہ میں  شرکت ، دونوں شہید اہلکاروں کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق مال روڈ پر ہونے والے خود کش حملے میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل ندیم تنویر کمیانہ  کی نماز جنازہ اوکاڑہ کے نواحی گاوں 4جی ڈی کے ہائی سکول  گرائونڈ میں ادا کی گئی ، نماز جنازہ میں صوبائی وزیر میاں یاور زمان، ممبر قومی اسمبلی ندیم عباس ربیرہ ، ڈی پی او اوکاڑہ فیصل رانا، سابق ایم این اے غلام مجتبی کھرل، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر رضوان احمد، فلاح انسانیت فائونڈیشن کے راہنما ڈاکٹر عثمان، سمیت پولیس و ضلعی افسران، تاجروں اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔نماز جنازہ قاری اعصام الدین نے پڑھائی ، بعد ازاں میت کو پولیس نے سرکاری اعزاز کے ساتھ مقامی قبرستان  میں سپرد خاک کر دیا  گیا ۔نماز جنازہ سے قبل ڈی پی او اوکاڑہ فیصل رانا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا،  شہید کبھی مرتا نہیں بلکہ ہمیشہ زندہ رہتا ہے ، شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے ۔انہوں نے کہا دہشت گردی کی جنگ میں قوم سر خرو ہو گی ۔

شہید ہو نے والے ندیم کمیانہ کی شادی عرصہ 5 سال قبل ہوئی۔2 معصوم بیٹیوں کے شہید باپ  پولیس کانسٹیبل ندیم نے 10 سال پہلے پولیس میں ملازمت اختیار کی ،ندیم کا بوڑھا باپ لکڑیوں کی خرید و فروخت کا کام کرتا ہے ۔ندیم  شہید کی بیوہ  ساجد ہ بی بی نے میڈیا کو بتایا کہ مجھے اپنے شوہر کی شہادت پر فخر ہے ،کہ اس نے ملک کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، اللہ تعالی دہشت گردوں کو غارت کرے جنہوں نے میرے معسوم بچوں کے سر سے باپ کا سا یہ چھین لیا اور اتنے بے گناہوں کو شہید کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ صائمہ احد شہید ہو نے والے پولیس اہلکار ندیم کے گھر گئیں اور اس کی بیوہ اور والدہ سے اظہار تعزیت کیا اور بچوں کو پیار کیا، انہوں نے اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروا ئی ۔

دوسرے شہید ہونے  والے پولیس کانسٹیبل عرفان محمود کی نماز جنازہ بھی  اوکاڑہ کے قصبہ منڈی احمد آباد میں پڑھائی گئی ،جس کے بعد میت کو پورے سرکاری اعزاز کے سپرد خاک کیا گیا ،عرفان محمود کی نماز جنازہ میں صوبائی وزیر سید رضا علی گیلانی، ممبران وقومی و صوبائی اسمبلی،  اے ایس پی دیپالپور عبدالوہاب سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،شہید کانسٹیبل  عرفان نے  بیوہ اور  ایک 2سالہ بیٹا سوگوار چھوڑے ہیں۔

مزید :

اوکاڑہ -