شہر میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کی ضرورت ہے، کمشنر کراچی

شہر میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کی ضرورت ہے، کمشنر کراچی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں جاری موجودہ گرمی کی لہر کی بنیادی وجہ شہرمیں غیر مناسب شجرکاری ہے، اگر شہر کو اس قسم کی ہیٹ ویوز سے بچانا ہے تو مناشب شجر کاری پر زور دینے کی ضرورت ہے، ان خیالات کا اظہار کمشنر کراچی سید آصف حیدر شاہ نے یوتھ پارلیمنٹ اور اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ کے تحت پاک امریکن کلچرسینٹر میں ماحولیات سے متعلق آگہی سینمار سے خطاب میں کیا، کمشنر کراچی نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں جاری گرمی کی لہر کو کم کرنے کے لیے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کی ضرورت ہے، جس کے لیے ہر شہری کو اپنے حصے کا درخت لگانے کی ضرورت ہے، انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں ، لیکن جب تک عوام میں شعور بیدار نہیں کیا جائے گا وسائل سے استفادہ نہیں کیا جاسکے گا۔ اس موقع پر انھوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جتنے درخت چاہئے وہ دینے کوتیار ہیں، بس نوجوان ان کی نگہداشت کو یقینی بنائیں ، آنے والے کچھ ہی سالوں میں نہ صرف انہیں بلکہ پورے شہر کو اس کے ثمرات حاصل ہونا شروع ہوجائیں گے۔یوتھ پارلیمنٹ کے چیئرمین رضوان جعفر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ ماحولیاتی تبدیلی ہے اور اس زمین کو بچانے کے لیے ہمیں خود اس کی حفاظت کرنی ہوگی۔ یوتھ پارلیمنٹ نے سال 2016کو ماحولیاتی تبدیلی کا سال قرار دیا ہے، تاکہ نوجوانوں کو متحرک کرکے پاکستان میں ماحولیات سے متعلق آگہی دی جائے اور حکومت کے ساتھ مل کر عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ اس موقع پر سینیٹر عبد الحسیب کاکہنا تھا کہ ماحولیات میں کام کرنے کی گنجائش موجو د ہے، ملک میں نوجوانوں کی تعداد 65فیصد اور بالخصوص کراچی میں ان کی تعداد 54فیصد ہے، صرف اگر ضرورت ہے تو اچھے شہری کی طرح شہر کی ذمہ داری لینے کی ورنہ کوئی بھی کام بغیر ذمہ داری کے بہترین اسلوب کے ساتھ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا،سینیٹر عبدالحسیب کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں باصلاحیت نوجوانوں اور قدرتی وسائل کی کوئی کمی نہیں ، ضرورت ہے توذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنے کی ۔اس موقع پرمیاں زاہد حسین، ڈاکٹر کہکشاں، ڈاکٹر محمد علی شیخ، ڈاکٹر محمدواسع، ڈاکٹر اظہر چغتائی، ڈاکٹر فوزیہ طارق ، ڈاکٹر صائقہ ریحان اور ڈاکٹر ماریہ سمیت ملیحہ عباس نے ہیٹ ویوز کے موضوع پراپنے خیالات کا اظہار کیا اور مفید مشوروں سے نوازا