اسلامی نظریاتی کونسل ایک آئینی ادارہ ہے،محمد حسین محنتی

اسلامی نظریاتی کونسل ایک آئینی ادارہ ہے،محمد حسین محنتی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امراء محمدحسین محنتی،پروفیسرنظام الدین میمن،عبدالغفارعمر اورحافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل ایک آئینی ادارہ ہے،دینی جماعتیں تحفظ ناموس رسالت،اسلامی نظریاتی کونسل اوردینی اقدار کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔مغرب کے ذہنی غلام اوران کے ڈالروں پر پلنی والی این جی اوز کو یہ ہرگز نہیں بھولنا چاہئے کہ مملکت خداداد اسلامی جمہوریہ پاکستان بڑی قربانیوں اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پرقائم ہواتھا، اس کے دستور میں بھی واضح ہے کہ کوئی بھی قانون قرآن وسنت سے متصادم نہیں بن سکتا ،اسلامی نظریاتی کونسل کا ادراہ آئینی ہے جو کہ حکومت کو قرآن وسنت کے مطابق قانون سازی کیلئے رہنمائی اورصرف اپنی سفارشات پیش کرتا ہے عمل درآمد حکومت وقت کی نیت پرہوتا ہے۔اس ادارے کے بعض فیصلوں یا کسی ممبرپرتوکوئی اعتراض ہوسکتا ہے مگر سرے سے ہی آئینی ادارے نظریاتی کونسل کو ختم کرنے کی بات کھلم کھلا اسلام دشمنی اورآئین پاکستان سے بغاوت کے مترادف ہے،ان لوگوں کو اسلامی اقدار اوراسلامی احکامات سے اتنی ہی پریشانی ہے تو پھر پاکستان میں رہنے کی بجائے بھارت یا امریکہ چلے جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مغرب کے ڈالروں پرپلنے اورملک کی نظریاتی سرحدوں کو کھوکھلا کرنے والی بعض این جی اوز کے نظریہ پاکستان کے خلاف اسطرح کے بیانات کا سختی سے نوٹس اورمغربی ذہنی غلامی کا شکار بعض سیاستدانوں کے نظریاتی کونسل کے متعلق بیانات پر ان کی سیاسی جماعتوں کو بھی اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ بعض ٹی وی چینل بھی رمضان ٹرانسمیشن کے نام پر قوم کو گمراہ اورتمام مسالک کے درمیاں متفق مسائل کو چھیڑ کر معاشرے میں انارکی وبے چینی پید ا کررہے ہیں جس پر پیمرا کو سختی سے نوٹس لینا چاہئے،ماہ مقدس کے دوران بھی رمضان ٹرانسمیشن کے نام پر مخلوط پروگرامات اوردیگر خرافات عذاب الہٰی کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔