بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مردم شماری میں نظر انداز کرنا باعث افسوس ہے :سکندر حیات شیر پاؤ

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مردم شماری میں نظر انداز کرنا باعث افسوس ہے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر آبپاشی و سماجی بہبود اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر خان حیات خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ جب بھی ملک کی بجٹ کی تقریر شروع ہوتی ہے تو بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی محنت کشوں کی خون پسینے سے حاصل ہونے والی زرمبادلہ کا ذکر ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے انہی محنت کشوں کو قومی دارے میں شامل کرتے وقت وفاقی حکومت انہیں بھول جاتا ہے اور قومی مردم شماری سمیت تمام اہم قومی اور عوامی حقوق میں انہیں نظر انداز کیا جارہا ہے یہی وجہ ہے کہ قومی وطن پارٹی کے قیادت ان مسائل کو دیکھتے ہوئے وفاقی حکومت کی پالیسیوں سے نالاں ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بارام خان ڈھیری شمالی ہشتنگر میں ایک بڑے شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی سینئر وزیر نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ترقیاتی سوچ کے ساتھ ساتھ عوامی حقوق اور پختونوں کے مسائل کو انتہائی اہمیت دے رہی ہے اور ہر فورم پر محنت کشوں کی خدمت کے لئے آواز اٹھاتی آرہی ہے یہی وجہ ہے کہ عوام ترقیاتی منصوبوں ، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے حقوق کی آواز سن کر قومی وطن پارٹی میں عوام جوق درجوق شامل ہو رہے ہیں ۔علاقے کی عوام کی جدوجہد اور مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسانوں کے خلاف جب بھی کوئی سازش ہوئی ہے تو قومی وطن پارٹی کی قیادت نے اپنے جدوجہد سے اسے ناکام بنایا ہے اور آئندہ الیکشن میں یہی عوام دوسرے پارٹیوں کا احتساب کرے گی جنہوں نے پانچ پانچ سال حکومت کرکے بھی عوام کو پسماندہ رکھا ہے ۔ قومی شناختی کارڈوں کی معطلی کی مسئلے پر بات کرتے ہوئے سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ پورے پاکستان میں پختونوں کے ساتھ ہمیشہ سے اس سلسلے میں ناانصافی ہوتی آرہی ہے جس کی نہ صرف ہم مذمت کرتے ہیں بلکہ وفاقی حکومت سے احتجاج کرتے ہیں کہ پختونوں کو مکمل قومی دارے میں شامل کرنے کے لئے یقینی اقدامات کریں اور وفاق کو مضبوط بنانے کے لئے پختونوں کی قربانیوں کا اعتراف کریں ۔ علاقے میں شاخ نمبر ایک ایریگیشن روڈ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے علاقے میں مختلف سڑکوں اور پلوں کی تعمیر ، دس بجلی کے ٹرانسفارمروں کی فراہمی ، آبازئی نہر کی توسیع ، امیر آباد ڈسٹلری کی پوری تعمیر کا اعلان کرتے ہوئے علاقے کے عوام کو یقین دلایا کہ آئندہ اے ڈی میں ان کے ایم پی اے خالد خان مہمند کی تمام تجاویز کو شامل کیا جائے گا ۔ اس موقع پر بارام خان ڈھیری یونین کونسل کے ناظم علی احمد ، نائب ناظم تاج محمد ، کونسلروں کے ماسٹر نور محمد ، لیاقت شاہ ، محمدنثار سمیت تمام منتخب نمائندوں نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہو کر قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ تقریب میں مقامی ایم پی اے خالد خان مہمند، جاوید حسین خان ، پیر رحمان اﷲ کے علاوہ سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی ۔