غریب اور نادار افراد کی مدد کرنا دین اسلام کا درس ہے، شہباز شریف کاغربت و افلاس کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام
لاہور (سٹی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے معاشرے سے غربت و افلاس کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کا مقصد افلاس کی زندگی گزارنے والے خاندانوں کے حقوق کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے اوریہ دن غربت اور محرومی کی زندگی گزارنے والے لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ غریب اور نادار افراد کی مدد کرنا دین اسلام کا درس ہے۔ غربت معاشرے میں بگاڑ اور امن و امان کے مسائل پیدا کرنے کا باعث بنتی ہے۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے غربت کا خاتمہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی ناہمواری ختم کرکے غربت کے ناسور کو بہت حد تک کم کیا جا سکتا ہے اوروسائل کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے افلاس کے خلاف جنگ جیتی جاسکتی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاشرے سے غربت کے مکمل خاتمہ کیلئے مربوط انداز میں اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ غربت سے متعلق مسائل میں کمی لانے کیلئے موثر اقدامات اور ٹھوس حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔
پیغام