فاٹا کے مسائل کا حل فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد میں ہے ،امیر مقام

فاٹا کے مسائل کا حل فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد میں ہے ،امیر مقام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(این این آئی)وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ فاٹا کے مسائل کا حل فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد میں ہے۔ مسلم لیگ (ن) فاٹا کے عوام کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے ہرممکن اقدام کریں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فاٹا کے عوام کا کردار قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) اور خادم الخلق فاؤنڈیشن کے درمیان معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاہدے کے تحت این ٹی ایس خادم الخلق فاؤنڈیشن کے ذریعے خیبرایجنسی کے 250 مستحق طلباء کو میرٹ کی بنیاد پر تعلیمی وظائف دے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ فاٹا کے لئے ہمارے دل میں خاص مقام ہے۔ این ٹی ایس کی طرف سے فاٹا کے ذہین اور مستحق طلباء کے لئے تعلیمی وظائف کا اعلان خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے لوگوں کے نمائندوں کا صوبائی اسمبلی میں نہ ہونا، فاٹا میں بلدیاتی نظام کا نہ ہونا کہاں کا انصاف ہے۔ میں اپنے قائد نوازشریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے رکاوٹوں کے باوجود فاٹا اصلاحات کے ذریعے فاٹا کے لوگوں کو قومی دھارے میں شامل کیا۔ میں فاٹا کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ یہ ہمارا ایجنڈا ہے اور فاٹا کے عوام کا حق ہے۔ فاٹا کے عوام اصلاحات چاہتے ہیں۔ ہم فاٹا کے عوام کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ فاٹا کے تمام مسائل کا حل اصلاحات پر عملدرآمد میں ہے۔
انجینئر امیر مقام