شاہین ایئر کے بیڑے میں تیسرے ایئر بس کی شمولیت
کراچی(اکنامک رپورٹر) پاکستان میں ہوابازی کے سیکٹرکووسعت دینے کے عزم کے تحت، شاہین ایئر انٹرنیشنل (SAI) نے اپنے بیڑے میں ایک اور ایئر بس A319 جہاز کا اضافہ کر دیا ہے۔یہ تیسرا A319 جہاز ہے جو شاہین ایئر کے بیڑے میں شامل ہوا ہے اور اپنا نیا رنگ روپ لئے شاہین ایئر کے برانڈ کو شناخت اورویژن کو تقویت پہنچاتا ہے۔ایئر بس A319میں خصوصی طور پر پتلی قطاروں کے انداز میں نشستیں نصب کی گئی ہیں جو مسافروں کو زیادہ آرام پہنچاتی ہیں۔ اکنامی کلاس کی ان تمام نشستوں کے باعث اس جہاز میں تقریباً 150افراد سفر کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ جہاز کا بالکل نیا اندرونی ماحول شاہین ایئر سے سفر کرنے والے لوگوں کو تازگی کا احساس مہیا کرتا ہے۔ نئے جہاز کی شمولیت پر تبصرہ کرتے ہوئے شاہین ایئر انٹرنیشنل کے چیف مارکیٹنگ آفیسر زہیب حسن نے کہا:’’تیسرے ایئربس A319 جہاز کی شمولیت ملک میں ہوابازی کے حوالے سے شاہین ایئر انٹرنیشنل کے اس عزم کی توثیق ہے جس کے باعث یہ سیکٹردن رات ترقی کر رہاہے۔ مستقبل کے بارے میں اپنے ویژن کے تحت ہم زیادہ جوش و خروش کے ساتھ مسافروں کی خدمت کے لیے تیار ہیں تاکہ وہ آسمان کی انتہائی بلندیوں پر غیرمعمولی تجربہ سے لطف اندوز ہو سکیں۔ ‘‘کچھ ماہ پہلے بھی کمپنی نے خود کو نئے برانڈ کے طور پرمتعارف کرانے کے لیے ایک نیا لوگو پیش کیا تھا جو ہوابازی کی میدان میں نئے معیار قائم کرنے میں اس کے ویژن اور جدت کی تائید کرتا ہے۔ ایئرلائن نے اپنے سفر کا آغاز 24سال پہلے پاکستان کی پہلی نجی ایئرلائن کے طور پر کیا تھا اور جلد ہی اسے پاکستان کی دوسری فلیگ شپ ایئر لائن کا درجہ حاصل ہو گیا تھا۔چوبیس طیاروں پر مشتمل بیڑے کے ساتھ شاہین ایئر اپنے پچیسویں جہاز کے حصول پر جوش اور خوشی سے بھرپور ہے۔ ایئر لائن اسی ماڈل کے مزید طیارے حاصل کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔