منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیاں وقتی نہیں ہونی چاہیے،گلزاراعوان
راولپنڈی(جنرل رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق ڈپٹی سیکریٹری پبلک ریلیشنز حاجی محمد گلزار اعوان اور پی پی پی کے کارکنوں نے منشیات فروشوں کے خلاف موثر کاروائی کرنے پر سٹی پولیس آفیسر اسرار احمد عباسی کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ کاروائی وقتی نہیں ہونی چائییے اور منشیات فروشوں کے سیاسی سرپرست ، جن کا تعلق چاہے کسی بھی جماعت سے ہو ، انہیں بے نقاب کرکے قانون کے مطابق سزادی جائے . نیز پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے وہ اہلکاروں جو کسی بھی وجہ سے منشیات فروشوں کیلئے نرمی اختیار کرتے ہیں انہیں بھی قابل سزا مجرم تصور کر کے ان کے خلاف بھی کاروائی کی جائے . پیپلز سیکریٹریٹ امن ہاؤس پشاور روڈ راولپنڈی میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ صادق آباد ، مسلم ٹاؤن ، شکریال ، پیر ودھائی ، ڈھوک حسو، گوالمنڈی ، بنی و گرد و نواح اور دیگر علاقوں میں منشیات فروش پوری پلاننگ کے ساتھ نوجوان نسل کو منشیات کا عادی بنا رہے ہیں اور یہ زہر ہماری نوجوان نسل کو تباہ و برباد کر رہا ہے . پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کا چشم پوشی کے باعث منشیات فروشی اور اس کے استعمال میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے اور کئی ہنستے بستے گھر منشیات کی لعنت کا شکار ہو چکے ہیں اور ان کی تعداد میں ہر روز اضافہ ہو رہا ہے . انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی سنگین مسئلہ ہے جس پر ایک تسلسل کے ساتھ پہرہ دینے کی اشد ضرورت ہے اور یہ کام کسی بڑے جہاد سے کم نہیں . انہوں نے کہا کہ سی پی او راولپنڈی اسرار احمد عباسی کی کاوشوں کو پورا شہر سلام پیش کرتا ہے اور ان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ منشیات فروشی اور اس کے استعمال کے خلاف بے رحم آپریشن کریں اور کسی سیاسی مصلحت کا شکار نہ ہوں . انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں سنوکر کلبوں ، قہوہ خانوں ، اسی طرح کے دیگر کاروباری مراکز میں کاروبار یا کھیل کی آڑ لے کر منشیات فروشی کی جاتی اور منشیات استعمال کروائی جاتی ہے . شہر بھر کے خالی پلاٹ اور اندھیری گلیاں سرشام منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کا مسکن بن جاتی ہیں جن کے خلاف محض وقتی نہیں بلکہ مسلسل چیک رکھ کر کاروائی ہونی چائییے .