احکامات کی تعمیل میں کسی قسم کی سستی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی:ملک قاسم خان خٹک
پشاور(پاکستان نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے مشیر برائے جیل خانہ جات ملک قاسم خان خٹک نے کہا ہے کہ تعلیم کاشعبہ موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اس سلسلے میں نئے تعلیی اداروں کے قیام اور موجودہ اداروں میں تعلیم کامعیار بلند کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ اس ضمن میں حکومتی احکامات کی تعمیل میں کسی قسم کی سستی یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ا پنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں گورنمنٹ گرلز کالج لتمبر کرک کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے چیف پلاننگ آفیسر محمد زمان،گورنمنٹ ہائی سکول لتمبر کے پرنسپل اور محکمہ تعلیم کے نمائندے روح اللہ ، تحصیلدار کرک سید ایوب شاہ اور فضل سبحان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ملک قاسم خان خٹک نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہارکیاکہ وزیر اعلیٰ کی واضح ہدایات کے باوجود اب تک مذکورہ کالج کے قیام کو کیوں عملی جامہ نہیں پہنایا جاسکا۔تحصیلدار کرک نے اس موقع پر ریونیو ریکارڈ پیش کیا جبکہ چیف پلاننگ آفیسر نے یقین دہانی کرائی کہ ان تمام مسائل کو بہت جلد حل کر کے مجوزہ اراضی ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی مشاورت کے ساتھ حاصل کی جائے گی اور آئندہ دو تین مہینوں کے اندر مذکورہ کالج کی عمارت پر تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا جائے گا۔ مشیر جیل خانہ جات نے متعلقہ حکام کو کالج کی تعمیر سے متعلق تمام امور یقینی بنانے اور اس بارے پورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔