بجٹ میں عوام پرمزید ٹیکسوں کا بوجھ نہیں ڈالیں گے:پرویز خٹک
پشاور(آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ آنیوالا بجٹ عوام دوست اورمتوازن بجٹ ہوگا جس میں تعلیم اور صحت کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے کے زیادہ وسائل غریب عوام پر خرچ کریں گے ۔ بجٹ میں عوام پرمزید ٹیکسوں کا بوجھ نہیں ڈالیں گے۔ مرکز سے صوبے کے حقوق کے لیے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور اپنے حق کی ایک ایک پائی وصول کریں گے۔ ہماری ساری توجہ نوجوانوں اور غریب عوام کی حالت زندگی بہتر بنانے، سرکاری سکولوں ،ہسپتالوں ،تھانہ اور پٹوار کلچر میں اصلاحات لانے اور غریب عوام کی عزت نفس بحال کرنے پر مرکوز ہے۔ تمام سیاسی اور دینی جماعتیں عمران خان سے خوفزدہ ہوکر اتحادوں کی سیاست پر اتر آئی ہیں۔ آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف چاروں صوبوں کے ساتھ مرکز میں بھی حکومت بنائے گی اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔ مولانا فضل الرحمن، اسفندیار ولی، نوا زشریف ‘آصف زرداری کے پاس اتنی دولت کہاں سے آئی‘ ان کو حساب دینا ہوگا۔ وہ نوشہرہ کے گاؤں خورد خٹ کلے میں مقامی عمائدین امین اللہ خان اورکچکول خا ن کے استقبالیہ اور تنگی خٹک میں غفار خان خٹک کے عشائیہ کی تقاریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ تنگی خٹک میں سیاسی زعماء غفار خان خٹک، لطیف خا ن، واجد علی اور بخت آیاز نے ا ے این پی اور دیگر سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ وہ عوام کے ووٹ کی طاقت سے وزیر اعلیٰ بنے ہیں اور انہیں نوشہرہ کے عوام پر فخر ہے کہ انہوں نے ہمیشہ اُن پر اور اُنکے خاندان پر اعتماد کیا۔ صوبائی حکومت میرٹ اور انصاف کے ایک نکاتی ایجنڈے پر من و عن عمل کررہی ہے۔سی پیک خیبرپختونخوا کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ مولانا فضل الرحمن سے پوچھا جائے کہ اپنے دور حکومت میں اسلا م کی کتنی خدمت کی ہے۔ آصف زرداری کا دورہ خیبرپختونخوا بالکل ناکام رہا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کو ریلیف دیا جائے گا۔بے روزگاری کے خاتمے کے لئے صنعتی بستیاں بنائی جارہی ہیں۔ دریائے کابل کے دونوں کناروں پر حفاظتی پشتوں کی تعمیر کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔
پرویز خٹک