مسئلہ کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے،ڈاکٹر شیریں مزاری
اسلا م آباد(سٹاف رپورٹر)سپیکر قومی اسمبلی سر دار ایاز صادق کی ہدایت پرجمعرات کے روز قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں مسئلہ کشمیر پر ایک خصوصی لیکچرکا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی ممبر قومی اسمبلی اورقائدا عظم یونیورسٹی کے شعبہ اسٹرٹیجک سٹڈیزی کی سابق سر براہ ڈاکٹر مہرالنسا ء شیریں مزاری نے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں پر ایک مفصل لیکچر دیا ۔ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے مابین متنازعہ مسئلہ نہیں بلکہ یہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے اور بھارت خود 1948میں اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لے کر گیا ہے ۔انہوں نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے پاکستان کے اصولی موقف کی قانونی حیثیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کامسئلہ کشمیر پر موقف بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قرار دادوں کے عین مطابق ہے ۔ڈاکٹر شیری مزاری نے کہا کہ پاکستان اقوام متحد ہ کی قراردادوں پر سختی سے کاربند ہے ۔انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ بھارت کی طرف سے کشمیر میں کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لے ۔ شیریں مزاری نے کہا کہ بھارت مسلسل نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف کر رہا ہے بلکہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور طاقت کے بل بوتے پر عوام کے حق خودارادیت کو دبانے میں مصروف عمل ہے او رکسی طو رپر سلامتی کونسل کا مستقل رکن بننے کا اہل نہیں ۔ انہوں نے بھارت افغانستان اور بنگلہ دیش کی طر ف سے سارک کانفرنس کے بائیکاٹ کے حوالے سے پاکستان کی بین الااقوامی سطح پر تنہائی کا شکار ہونے کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بائیکاٹ پاکستان کو علاقائی اور عالمی سطح پر تنہا نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کشمیر کے مسئلے کے ایک قابل عمل حل کی تجویزپیش کرتے ہوئے کہا کہ مشر قی تیمور، Aland -Island ، انڈورہ(Andorra (اور ٹر سیٹ (Trieste)کی مثالیں پیش کیں تاہم انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے گڈفرائی ڈے معاہدے کی مثال سب سے زیادہ موزوں ہے جس کے تحت شمالی آئر لینڈ کے مسئلے کو حل کیا گیا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر مربوط پالیسی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔یہ لیکچر ارکان پارلیمنٹ کی طر ف سے خصوصی موضوعات پر لیکچرز کے سلسلے کی پہلی کڑی ہے جس میں مختلف شعبوں کے ماہر ارکان پارلیمنٹ لیکچر دیں گے ۔سپیکر قومی اسمبلی کی طر ف سے یہ ا قدام قومی اسمبلی کو ایک باخبر ادارہ بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے ۔لیکچر میں اراکین قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران نے شر کت کی۔