دہشت گردی کی حالیہ لہر ایک چیلنج ہے
کراچی(صباح نیوز) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے اس جنگ میں بہادری کی تاریخ رقم کی، پی اے ایف ہیروز آج بھی ہماری دلوں میں زندہ ہیں جبکہ حالیہ دہشت گردی کی لہر ہمارے لیے ایک چیلنج ہے،پولیس پر حملے میں ملوث 3 گروہوں کو پکڑ لیا گیا ہے۔یوم دفاع پاکستان کے موقع پرشہدا کوخراج تحسین پیش کرنے کیلئے پاک فضائیہ کی مسرور بیس کراچی پر پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،اس موقع پر جنگی سازو سامان کی نمائش ہوئی، فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔تقریب ایئرفورس کے شہدا کی یاد میں منائی گئی۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مسرور بیس پر یوم دفاع تقریب میں شرکت کی۔یہ پروگرام ایئرفورس کے شہدا کی یاد میں منایا گیا، تقریب میں وزیر اعلی سندھ کے پہنچنے پر ایئر وائس مارشل محمد حسیب پراچہ نے استقبال کیا، تقریب میں میئر کراچی وسیم اختر، آرمی، ایئر فورس کے افسران اور سویلین نے بھی شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا،اس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا جبکہ پاکستان ایئر فورس اسکول کے بچوں نے ایئرفورس کے شہدا کو خراج تحسین دینے کے لیے قومی نغمے پیش کیے۔وزیر اعلی نے فیتہ کاٹ کر تقریب کا افتتاح کیا، پاک فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا جس کی حاضرین نے داد دی۔ اس موقع پر وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے اس جنگ میں بہادری کی تاریخ رقم کی۔ پی اے ایف ہیروز آج بھی ہماری دلوں میں زندہ ہیں۔ پاک فضائیہ نے تمام آپریشنز میں اہم کردار ادا کیا۔ پی اے ایف نے لاہور کا بہادری سے دفاع کیا۔ حالیہ دہشتگردی کی لہر ہمارے لیے ایک چیلنج ہے۔ پولیس پر حملے میں ملوث 3 گروہوں کو پکڑ لیا گیا ہے۔ دہشتگردوں کے خلاف رات گئے بھی ایک بڑی کامیابی ملی ہے۔ صفائی سے متعلق کوشش کرینگے کے آئندہ شکایات نہ ہوں۔