ملک پر لٹیروں کا راج ہے غریب عوام کو کوئی پرسان حال نہیں:سراج الحق

ملک پر لٹیروں کا راج ہے غریب عوام کو کوئی پرسان حال نہیں:سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

چارسدہ (بیورورپورٹ ) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان کو سیکولر سٹیٹ بنا یا گیا جہاں عد ل انصاف کا فقدان ہے ۔ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے غریب اور متوسط طبقہ موجودہ نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے اور اپنی تقدیر بدلنے کیلئے جماعت اسلامی کو ووٹ دیں ۔ جماعت اسلامی پاکستان کو ایسا فلاحی اسلامی ریاست بنائی گی جس میں قانون کی حکمرانی ،عدل و انصاف اور غریبوں کیلئے تعلیم ، صحت اور گھر کے ساتھ ساتھ عزت اور وقار بھی ہوگا ۔ وہ میونسپل پارک اتمانزئی میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر چالیس علمائے کرام سمیت سینکڑوں لوگوں نے مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہو کر جماعت اسلامی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا ۔ جلسہ سے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان ، ضلعی امیر محمد ریاض خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ وہ خود ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے اسلئے وہ غریبوں کے دکھ درد اور مسائل کو خوب سمجھتے ہیں ۔ چالیس علمائے کرام کی شمولیت سے جماعت اسلامی کو مزید تقویت ملی گی ۔جماعت اسلامی کے دستور میں واضح ہے کہ کارکن اور عوام پارٹی قائد اور کسی فرد کیلئے نہیں بلکہ اللہ کی رضا اور نفاذ اسلام کیلئے اکٹھے ہوتے ہیں۔موجودہ نظام سرمایہ داروں اور جاگیر داروں کیلئے وضع کیا گیا ہے جس میں غریبوں کا خون چوس کر ان کو غلام بنادیا گیا ہے ۔ اسلام اور قرآن کے الف ب ج سے ناواقف لوگ موجودہ نظام کو چلا رہے ہیں جس میں مٹھی بھر سرمایہ دار، صنعت کار ، اور جاگیردار عیش کر رہے ہیں۔ موجودہ نظام میں سرمایہ داروں کے کتے مزے جبکہ غریب کے بچوں کو دو وقت کی روٹی نہیں مل رہی ہے ۔ 70سال سے سانپوں کی شکل میں ڈاکو اور چور قوم کا خون چوس رہی ہے ۔ جماعت اسلامی ان سانپوں کو سلاحوں کے پیچھے بھیج کر دم لے گی ۔ جماعت اسلامی ایک ترقی پسند جمہوری جماعت ہے جس میں موروثیت کا کوئی تصور نہیں ۔سراج الحق نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے چوروں کا احتساب نہ کیاتو جماعت اسلامی عوام کی عدالت میں چوروں اور ڈاکوؤں کا احتساب کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اللہ کی زمین پر اللہ کا قانون لاگو کرنا چاہتی ہے اور جج کے ہاتھ میں قرآن دیکھنا چاہتی ہے کیونکہ جب تک عدالتوں میں قرآن اور شریعت کانظام لاگو نہیں کیا جا تا انصاف کا تصور ممکن نہیں ۔جماعت اسلامی پاکستان کو ایسا فلاحی ریاست بنائیگی جس میں قانون کی حکمرانی ،عدل و انصاف اور غریبوں کیلئے تعلیم ، صحت اور گھر کے ساتھ ساتھ عزت اور وقار بھی ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں چوروں اور ڈاکوؤں کو پکڑنے کا کو ئی پوچھنے والا نہیں ۔ ظلم ، جبر اور استحصال کا یہ نظام انسان کا بنایا ہو ا ہے ۔ پاکستان کا غریب اور متوسط طبقہ ووٹ کے ذریعے اسلامی انقلاب بر پا کرنے اور اپنا تقدیر بدلنے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ۔ سراج الحق نے جماعت اسلامی کے وزراء ، ارکان پارلیمنٹ اور خود کو احتساب کیلئے پیش کیا ۔