دہشت گردی کیخلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں ملی ہیں، رفیق رجوانہ

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں ملی ہیں، رفیق رجوانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اے این این )گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان
کو نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد ملک سے دہشت گردی ختم کر دی جائے گی انہوں نے کہا کہ اقتصادی شعبے میں پاکستان کی ترقی کئی ملکوں کے لیے مثال ہے اور بہت جلد (بقیہ نمبر48صفحہ12پر )
پاکستان کا شمار ترقی یافتہ معیشتوں میں ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے بنگلہ دیش کے میڈیا سے تعلق رکھنے والے بارہ رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ان سے ملاقات کی ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں تاریخ کے تاریک ابواب میں رہنے کی بجائے تلخ ماضی سے سبق سیکھ کر آنے والے روشن باب کی سمت متعین کرنی ہے تاکہ بہتر تعلقات اور تعاون کی بدولت ہم اچھے ہمسائے کے طور اپنی پہچان بنا سکیں۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام سے مل کر اپنائیت کا احساس ہوتاہے‘ ہمارے میڈیا کودونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے چند غیر ملکی عناصر پاکستان کے بارے میں منفی خبروں کے ذریعے اس کے امیج کو خراب کرنا چاہتے ہیں ، اگر یہاں امن و امان کی صورت حال مخدوش ہوتی تو اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکی سرمایہ کار اس سرزمین کا رخ کیوں کرتے ۔ انہو ں نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان اور چین کے درمیان طے پانے والا راہداری منصوبہ نہ صرف پاکستان میں خوشحالی کی ضمانت ہو گابلکہ پورے خطے میں گیم چینجر ثابت ہو گا جس سے بنگلہ دیش اور دیگر ہمسایہ ممالک بھی استفادہ کر سکیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ انہیں بنگلہ دیش کے وفد کی دورہ پاکستان کی بے حد مسرت ہوئی ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کووسعت دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کے لیے وفود کے تبادلو ں کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔اس موقع پروفد نے کہا کہ وہ پاکستان سے خوشگوار یادیں واپس لے کر جائیں گے‘ خصوصا اہل لاہور کی زندہ دلی اور مہمان نوازی نے انہیں بہت متاثر کیا ہے ۔بعد ازاں ، ملتان سے تعلق رکھنے وکلا سے گفت گوکرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ قانون اور انصاف کا بول بالا کیے بغیر معاشرے میں سکون ، مساوات اور باہمی راواداری کو فروغ نہیں دیا جا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری کا یہ فرض ہے کہ وہ مظلوم کی دادرسی کے اور انہیں انصاف فراہم کرنے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں ۔اس موقع پروفد نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ صوبے کے سب سے بڑے آئینی ادارے کا سربراہ ان میں سے ہے جو وکالت کے شعبے پر حکومت کے اعتماد کا اظہار ہے۔
رفیق رجوانہ