سرائیکی دھرتی کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنا میرے لئے اعزاز ہے: ڈاکٹر فرخ جاوید

سرائیکی دھرتی کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنا میرے لئے اعزاز ہے: ڈاکٹر فرخ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بہاولپور(بیورورپورٹ)صوبائی وزیر لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں جن کی قابلیت اور انتھک محنت کے سہارے عنقریب ہمارا ملک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں سرفہرست ہو گا ۔یہ بات انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے بغداد الجدید کیمپس کے مرکزی آڈیٹوریم میں حکومت پنجاب کی جانب سے منعقدہ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہی۔انہوں نے کہا کہ صوفیاء کرام کی روحانی دولت سے مالامال سرائیکی دھرتی کے نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنا ان کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباوطالبات کا جوش وخروش دیدنی ہے جو اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر 7ارب روپے کی خطیر رقم سے مزید 115000جدید لیپ ٹاپ کمپیوٹر ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام تقسیم کرنے کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے اندر بے پناہ صلاحتیں سموئے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومتوں نے مختلف پراجیکٹس پر اربوں روپے ضائع کئے جبکہ ہماری حکومت صرف اور صرف ذہانت اور میرٹ کی بنیاد پرطالب علموں پر خرچ کر رہی ہے تاکہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پورے اعتماد کے ساتھ اقوام عالم کے شانہ بشانہ کھڑے ہو سکیں۔صوبائی وزیر ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ جیسا کہ تاریخ گواہ ہے کہ شیرشاہ سوری کی پانچ سالہ حکومت مغلوں کی کئی سو سال پر محیط حکومت پر بھاری رہی اسی طرح میاں محمد شہباز شریف کے نوجوانوں کے لئے اٹھائے گئے ترجیحی بنیادوں پر ٹھوس اقدام پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف میں درج کئے جائیں گے۔ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب میں بہاول پور ڈویژن کے مختلف کالجز سے تعلق رکھنے والے 4058طلباوطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے جن میں گورنمنٹ ایس ای کالج بہاول پور کے 998طلباوطالبات، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج بغداد روڈ بہاول پور کے 124طلبہ، گورنمنٹ صادق کامرس کالج کے 9طلبہ، گورنمنٹ ایس اے پوسٹ گریجویٹ کالج ڈیرا نواب صاحب کے 25طلبہ، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین حاصل پور کی 172طالبات، بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاول پور کے 1488طلباوطالبات، قائد اعظم میڈیکل کالج بہاول پور کے 433طلباوطالبات، گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور کی 62طالبات اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے 408طلباوطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر چیئر مین ضلع کونسل شیخ دلشاد احمد، ممبر قومی اسمبلی سید علی حسن گیلانی، ڈپٹی کمشنر رانا محمد سلیم افضل، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر قیصر مشتاق ودیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔ دریں اثناء تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ذہین طلباء و طالبات کو پنجاب پولیس کے چاق و چوبند دستہ نے گارڈ آف آنر اور سلامی دی۔ اس موقع پر ضلع بہاولپور کے مختلف تعلیمی اداروں کے ذہین وقابل چار ہزار سے زائد طلباء وطالبات کو 85ہزار روپے مالیت کا جدید ترین لیپ ٹاپ دیا گیا ۔ اس موقع پر طلبہ کی نمائندگی کرتے ہوئے اسلامیہ یونیورسٹی کی طالبہ ثناء رفیق اور اسی ای کالج کے طالبعلم وقار اکبر نے طلباء و طالبات کی جانب سے حکومت پنجاب اور بالخصوص وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا ۔ علاوہ ازیں انہوں نے ضلع بہاول پور اور لودھراں لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سٹاف سے سرکٹ ہاؤس بہاول پور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ویژن کے مطابق ہر بچے کو تعلیم فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع بہاول پور میں غیر رسمی ذریعہ تعلیم کے 13ہزار 407سکول ہیں جہاں 6ہزار سے زائد بچے اور 7ہزار سے زائد بچیاں پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک مفت تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔اسی طرح غیر رسمی تعلیم بالغاں کے 270سنٹرز میں 4ہزار 5سو خواتین زیر تعلیم ہیں جبکہ اسی طرح پراجیکٹ کے تحت 85قیدی سنٹرل جیل جبکہ 17قیدی بچے بورسٹل جیل میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر بہاول پور زاہد نذیر خان اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر لودھراں شازیہ سمیت دونوں اضلاع کے لٹریسی سٹاف نے شرکت کی اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر صوبائی وزیر نے مسائل کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔