پٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ میں آتشزدگی ، ڈیزل ایجنسی جل کر خاکستر، دوافرادزخمی
میانوالی(نمائندہ پاکستان) تھانہ چکڑالہ کی حدود میں ڈھرنکہ موڑ پر واقع تیل کی ایجنسی میں آگ بھڑک اٹھی جس سے عمارت اور ایک گاڑی مکمل طورپر تباہ ہوگئی جبکہ مالک سمیت دوافرادزخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈھرنکہ موڑ پر موجود الاعوان ڈیزل ایجنسی میں ایک ٹینکر تیل خالی کررہاتھا کہ اس دوران آگ بھڑک اٹھی ، آگ لگنے کے بعد گاڑی کو موقع سے ہٹایاگیالیکن آگ اتنی شدید تھی کہ تیل کی ایجنسی کی پوری عمارت کو پلک جھپکتے ہی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ لگنے کے بعد زیر زمین موجود تیل کے ٹینک دھماکے سے پھٹ گئے جس کے نتیجے میں عمارت بھی دھڑام سے نیچے آگری جبکہ بجلی کی تاریں وغیرہ بھی ٹوٹ گئیں، آتشزدگی سے ایجنسی کا مالک ملک ریاض اور اس کا ملازم جھلس گئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیاجہاں اُن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے ۔
عینی شاہدین نے بتایاکہ آگ کے شعلے دور دور تک دکھائی دیتے رہے جبکہ ایک گھنٹے کے بعد ریسکیوٹیمیں موقع پر پہنچیں جنہوں نے آگ پر قابوپایا۔ریسکیو حکام کے مطابق ابتدائی طورپر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم امکان ہے کہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان آگ اور راکھ میں بدل گیا۔