دو پختونوں کے دکان میں شاپر پھینکنے پر دکاندار بھاگ اٹھے، چیکنگ پر کپڑے نکلے
ننکانہ صاحب (ویب ڈیسک) دو نامعلوم پٹھان 4 شاپر پھینک کر فرار، دوکاندار خوفزدہ ہو کر بھاگ اٹھے۔ گذشتہ روز شہر کے بارونق علاقے بشیر بھٹی روڈ پر واقعہ ورلڈ سٹائل سیلون میں دو نامعلوم پٹھان داخل ہوئے ان کے ہاتھوں میں 4شاپر موجود تھے۔ دکاندار آصف سے موبائل فون لے کر فون کرتے ہوئے باہر کھڑی گاڑی میں جانے لگے تو آصف نے ایک پٹھان کو گریبان سے پکڑ کر شور مچانا شروع کردیا جس سے گھبرا کر پٹھان اپنے شاپر اور موبائل فون پھینک کر کار میں سوار ہوکر فرار ہوگئے سامان سے بھرے شاپر پھینکنے پر دکانداروں نے دوڑیں لگا دیں۔ ایس ایچ او سٹی محمد نواز ورک اور ڈی پی او سول ڈیفنس مبشر ربانی نے بم ڈسپوزل عملہ کے ہمراہ موقعہ پر جاکر شاپر چیک کیے تو ان میں سلے ہوئے کپڑے موجود تھے۔ پولیس کی تسلی کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس کی فضا ختم ہوئی جبکہ شہر بھر میں مختلف افواہیں گردش کرتی رہیں۔