کوہاٹ سے لاکھوں مالیت کی منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام ،1 گرفتار
کوھاٹ (بیورو رپورٹ) کوہاٹ مرئی پولیس چیک پوسٹ پر تلاشی کے دوران علاقہ غیر سے آنے والی جیپ سے لاکھوں مالیت کی منشیات برآمد کر کے سمگلر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ڈی پی او کوہاٹ محمد صہیب اشرف نے انسداد منشیات کے حوالے سے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انعامات کا اعلان کیا ہے۔ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر عبدالرشید خان کے مطابق قبائلی علاقہ اورکزئی ایجنسی سے بندوبستی علاقوں میں منشیات کی نقل و حمل کے حوالے سے موصولہ اطلاعات پر مؤثر کاروائیوں کے تسلسل میں جہاں ایک طرف کوہاٹ شہرکے شاہراہوں پر ناکہ بندیاں قائم کرکے چیکنگ میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے تو دوسری طرف پولیس نے منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کر رکھا ہے اور اسی سلسلے میں مخبر کی ایک مصدقہ اطلاع پر تھانہ استرزئی سے ملحقہ مرئی پولیس چیک پوسٹ پر اورکزئی ایجنسی سے کوہاٹ آنے والی گاڑیوں کی تلاشی کا عمل جاری تھا کہ اس دوران پوٹھوہار کمپنی کی ایک مشکوک جیپ نمبر سکھر E.0816کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیاجسکے خفیہ خانوں میں نہایت مہارت سے چھپائی گئی ساڑھے پندرہ کلو گرا م اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کر لی گئی اور پولیس نے گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے باڑاخیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے منشیات کے قبائلی سمگلرمیر بشر ولد زمین گل کو حراست میں لیکر گاڑ ی سمیت تھانہ استرزئی منتقل کر دیا جہاں اسکے خلاف منشیات سمگل کرنے کے جرم میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی۔ ڈی ایس پی کے مطابق پکڑی گئی چرس کی مالیت لاکھوں روپے ہیں جو خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں کے علاوہ ملک کے دیگر حصوں میں ایک منظم اور خفیہ طریقے سے سمگل کی جاتی ہے اور ان وارداتوں میں منشیات سمگلروں کے بین الصوبائی گینگ ملوث ہیں جسکا گرفتار ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں بھی انکشاف کیا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد صہیب اشرف نے منشیات کی نقل وحمل کی روک تھام اور منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی بھر پورکریک ڈاؤن کو سراہتے ہوئے منشیات سمگلنگ کو ناکام بنانے والی پولیس پارٹی کیلئے نقد انعامات اور توصیفی اسناد کابھی اعلان کیا ہے۔