ضلع کونسل صوابی کا زمینداروں سے مقررہ نرخ پر تمباکو خریدنے کا مطالبہ
صوابی(بیورورپورٹ)ضلع کونسل صوابی نے متفقہ قرار داد کے ذریعے حکومت اور پاکستان ٹوبیکو بورڈ سے دس ستمبر سے قبل قبل زمینداروں سے مقرر کردہ ریٹ پر تمباکو خریدنے کا مطالبہ کر تے ہوئے اعلان کیا کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے تمباکو خریداری کا طریقہ کار درست نہ کیا تو چوبیس اگست کو امن چوک صوابی میں بھر پور احتجاجی مظاہرہ کرینگے جس کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور ٹوبیکو کمپنیوں پر ہو گی کونسل کا اجلاس حاجی ثناء اللہ کی صدارت میں ہوا جس میں اراکین کونسل حاجی محمد زاہد ، ڈاکٹر علی رحمن ، سر زمین باچا ، افسر علی ، حسن خان ، سلیم خان ، سید عنایت علی شاہ باچا ، بخت علی ، اشرف علی اور دیگر نے کاشتکاران تمباکو کو در پیش مسائل کے حوالے سے ایجنڈ ے کے مطابق بحث میں حصہ لیا انہوں نے کہا کہ ایک طرف تمباکو کی کاشت سے لے کر اس کی تیاری تک زمینداروں کا کافی محنت کے علاوہ فی کلو گرام کافی خرچہ آرہا ہے پی ٹی بی نے 2017کے لئے تمباکو کا ریٹ فی کلو گرام اوسطاً 188روپے مقرر کیا ہے اور خریداری مکمل کرنے کے لئے آخری تاریخ دس ستمبر مقرر کر دی ہے لیکن ٹوبیکو کمپنیاں خریداری میں اس لئے سست روی سے کام لے رہی ہے تاکہ مقررہ تاریخ کے بعد زمینداروں کے پاس کافی مقدار میں تمباکو سر پلس ہو کر اس کو اونے پونے داموں خریدا جا سکے جو کہ انتہائی ظلم و زیادتی ہے تمباکو ایک نقد آور فصل ہے اس کا سارا فائدہ ٹوبیکو کمپنیوں کو جب کہ نقصان زمینداروں کا ہو رہا ہے اس موقع پر رکن حشمت علی نے الزام لگایا کہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور ٹھیکہ دار کی ملی بھگت سے تعمیراتی کاموں میں کرپشن ہو رہا ہے لہذا اس کا نوٹس لیا جائے اراکین کونسل نے سرکاری محکموں کے آفسران کا اجلاس میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا #