عوام با شعور ہیں اور ٹوپی ڈرامہ رچانے والوں کے جال میں نہیں آئیں گے :ڈاکٹر امجد علی

عوام با شعور ہیں اور ٹوپی ڈرامہ رچانے والوں کے جال میں نہیں آئیں گے :ڈاکٹر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اسی لئے سیاسی میدان میں آئے ہیں اور نیک جذ بے کی بدولت لوگوں کے دل جیت لئے ہیں،اس لئے باشعور کارکنان دوسری پارٹیوں سے مستعفی ہوکر جوق در جوق پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی ٹل سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر یو سی ٹال کے 143 خاندانوں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ۔اس موقع پر ضلعی کونسلر رحمدل شاہ نصیب زادہ اور صاحبزادہ نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر امجد علی نے کہاکہ یو سی ٹال کے علاقے کے 143 خاندانوں کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے سے اے این پی اور پی ایم ایل کو بڑا دھچکا لگا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے پی ٹی آئی اور علاقے کے منتخب نمائندوں پر اعتماد کیا اور صوبائی حکومت کی بہترین پالیسوں اور 4 سالہ کارکردگی پرپاکستان تحریک انصاف مقبول ترین جماعت بن چکی ہے ۔ڈاکٹر امجد نے کہا کہ انہوں نے اپنے علاقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں جن میں سے بعض پراب بھی کام شروع ہے جن کی تکمیل سے یو سی ٹال کی احساس محرومیوں کاخاتمہ ہو اہے ۔انہوں نے کہا کہ یو سی ٹال میں کروڑو ں روپے کی ترقیاتی کام موجودہ صوبائی حکومت کی کار کردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ڈاکٹر امجد علی نے گاؤں منیز جئی کے لئے روڈ کی منظوری بھی دی ہے جو کہ یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا اور جس سے عوام کو آنے جانے میں آسانی ہوگی۔ڈاکٹر امجد علی نے مزید کہا کہ انشاء اللہ 2018 ء کے الیکشن سے پہلے پہلے یو سی ٹال کے تمام تر مسائل کو حل کیا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ یو سی ٹال پی ٹی آئی کا گڑھ ہے اور عوام کا صوبائی حکومت پر بھر پور اعتماد ہے،اور یہی موقع ہے کہ عوام کے اس اعتماد کو بحال رکھا جائے اور ان کے تمام تر جائز مطالبات کو بلا تاخیر پورا کیا جائے گا۔ڈاکٹر امجد نے کہا کہ ٹوپی پہنانے میں اے این پی ماہر ہے اور ٹوپی پہنانا ان کا من پسند مشغلہ ہے ۔اے این پی کو آنے والے الیکشن میں پتہ چل جائے گا کہ ایزی لوڈ اور ایس ایم ایس کا انجام کیا ہوتا ہے۔آئے روز وہ کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کوئی میگا پراجیکٹ نہیں لے کر آئی ڈاکٹر امجد علی کہا کہ صرف یو سی ٹال کے لئے 1 ارب 58کروڑ روپے کی مالیت کے صحت انصاف کارڈ تقسیم کرانا میگا پراجیکٹ نہیں ہے ،دیولئی شاہ ڈھیری روڈ کی تعمیر میگا پراجیکٹ نہیں ہے،صوبے میں امن و امان قائم کرنا اور کرپشن ختم کرنا ،ایزی لوڈ ختم کرنا،40ہزاراساتذہ کو میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کرنا ،ہر ڈسپنسری اور بی ایچ یو میں ایم بی بی ایس ڈاکٹرز بھرتی کرنا اگرمیگا پراجیکٹ نہیں تو اور کیا ہیں۔عوام باشعور ہیں اور ٹوپی ڈرامہ رچانے والوں کے جال میں نہیں آئیں گے اور انشاء اللہ عوام آئندہ بھی پی ٹی آئی کا ساتھ دینگے اور اپنے قیمتی ووٹ کا صحیح استعمال کریں گے اور اس بار صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت پہلے کی طرح دوبارہ کامیابی حاصل کرے گی۔