مسلمانوں کی دین و دنیا میں کامیابی قرآن و سنت ؐ میں مضمر ہے ،مولانا گوہرشاہ
چارسدہ(بیورورپورٹ)رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ نے کہا ہے کہ دین ودنیا کی کامیابی قرآن وسنت میں مضمر ہے ۔ احکامات الہٰی سے روگردانی کی وجہ سے آج ہر طرف مسلمان مسائل ومشکلات کا شکار ہیں۔امریکا اور اس کے حواریوں کے سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے مسلم امہ کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے ۔ وہ جامع محمدیہ شبقدر میں مولانا حق نواز سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے ۔ مولانا سید گوہر شاہ نے اس سے پہلے جے یوآئی کے رہنما اشفاق خان سے ان کے ماموں سجاد انور اور مٹہ مغل خیل میں مولانا یوسف شاہ سے ان کی چچی کی وفات پر تعزیت کی ۔ اس موقع پر سابق ایم این اے حمید خان ، ڈاکٹر وحید، مولانا جمیل احمد ، امیر صیاب اور ناظم خالد خان بھی موجود تھے ۔ مولانا سید گوہر شاہ نے اپنے بات چیت میں کہا کہ مسلم امہ ہر طرف مشکلات کا شکار ہے ۔ ایک طرف امریکا اور اس کے حواری مسلمانوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جبکہ دوسری طرف بعض مسلم ریاستوں کے قائدین کا کردار بھی قابل تحسین نہیں جو مسلمانوں کے زوال کا سبب بن رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دین ودنیا کی کامیابی قرآن وسنت میں مضمر ہے ۔احکامات الہٰی سے روگردانی اور قرآن وسنت سے دوری کی وجہ سے آج مسلم امہ مصائب ومشکلات کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سودی نظام کے ہوتے ہوئے ملکی معیشت کسی طرح مستحکم نہیں ہو سکتی ۔ پارلیمنٹ اسلامی نظریاتی کونسل کے سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنائیں تو سودی نظام کا خاتمہ ممکن ہے ۔