ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا جائیگا: مشتاق احمد غنی
پشاور(پاکستان نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل میں وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دے گی تاہم ترقیاتی منصوبوں میں معیاری کام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز حلقہpk-44ایبٹ آباد کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کیا۔وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات وتعمیرات اکبر ایوب خان اور سیکرٹری سی اینڈڈبلیو انجینئر محمود آصف خان بھی اس موقع پر موجودتھے۔سیکرٹری مواصلات نے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی مشتاق احمدغنی کو پی کے۔44 ایبٹ آباد میں جاری منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ حلقے میں تمام ترقیاتی سکیموں پر بھرپور کام جاری ہے اور جن منصوبوں کے لئے فنڈز کی کمی کا سامنا ہے اسے دور کرنے کے لئے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیاتی سے جلد رابطہ کر کے حاصل رکاوٹوں کو دورکرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔مشتاق احمد غنی نے حلقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے معلق دی گئی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث عوام کو کئی مشکلات کا سامنا ہے اس لئے زیر تعمیر منصوبوں کی جلد تکمیل کی ضرورت ہے کہ علاقے کے عوام کو جلد ریلیف مل سکے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات اکبرایوب خان نے بھی محکمہ مواصلات کے حکام کو ہدایت کی کہ پی کے۔44 میں جاری ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کرنے اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں