تپ دق کے خلاف جنگ کو تیزکرنے کی ضرورت ہے ، ماہرین
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسٹاپ ٹی بی پاکستان کے چیرمین پروفیسر مسعودحمیدخان اور وائس چیرمین ڈاکٹر شرف علی شاہ نے کہا ہے کہ پورے پاکستان میں تپ دق (ٹی بی) کے خلاف جنگ کو تیزکرنے کی اشد ضرورت ہے اور ٹی بی کے متاثرہ افراد کی تشخیص اور علاج کی مفت سہولیات کی فراہمی کو یقنی بنایا جائے۔اس کے ساتھ ساتھ قومی اور صوبائی سطح پر ٹی بی کے خلاف جنگ میں ارکان پارلیمنٹ، تاجربرادری اور کارپوریٹ سیکٹرکو شامل کیا جائے۔ملک سے ٹی بی کو ختم کرنے کیلئے ٹی بی کے مریضوں اور عوام الناس کو ٹی بی کے بارے میں آگاہی مہم شروع کی جائے تاکہ لوگوں کو اس بیماری کے بارے میں پتہ چل سکے اور وہ اس کے علاج کیلئے جلد رجوع کرسکیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے آج بروز جمعرات مقامی ہوٹل میں اسٹاپ ٹی بی پاکستان کے ایگزیکٹوکونسل کی میٹنگ سے خطاب میں کیا۔میٹنگ میں قومی اور صوبائی کوآرڈینیٹراور چاروں صوبوں کے فوکل پرسنز سمیت ماہرین تپ دق نے شرکت کی۔میٹنگ میں ایگزیکٹوکونسل اراکین نے اپنی تجوویز ات دینے ہوئے کہا ملک میں قومی اور صوبائی سطح پراسٹاپ ٹی بی پاکستان کے دفاتر قائم کیے جائیں اور ٹی بی کے خلاف جنگ میں ارکان پارلیمنٹ، تاجربرادری اور کارپوریٹ سیکٹرکو شامل کیا جائے ۔اس کے علاوہ اراکین نے پورے ملک میں مختلف اسکولوں اور کالجوں میں طلباء اور اساتذہ میں آگاہی مہم شروع کرنے کی اہمیت پرزور دیا۔