عمران خان نے اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کیلئے سینئر رہنماؤں کو ٹاسک دیدیا

عمران خان نے اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کیلئے سینئر رہنماؤں کو ٹاسک دیدیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(شہزاد ملک سے)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کی تشکیل کے لئے اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے لئے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو ٹاسک دیدیا ہے ‘ مسلم لیگ (ق) کے ساتھ رابطوں کے لئے ماضی میں (ق) لیگ کے وفاقی وزیر رہنے والے پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین جبکہ پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی جو کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کے وفاقی وزیر رہ چکے ہیں کو پیپلز پارٹی کے ساتھ رابطوں کا ٹاسک دیدیا گیا ہے اسی طرح سے یہ دونوں رہنما جماعت اسلامی اور دیگر ہم خیال جماعتوں سے بھی رابطے کرکے ان کے ساتھ اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کے لئے پانامہ لیکس کے خلاف اسمبلی کے اندر اور اسمبلی کے باہر ون پوائنٹ ایجنڈے پر مشترکہ احتجاجی تحریک چلانے کے لئے حکمت عملی طے کریں گے ۔ذرائع نے ’’ پاکستان‘‘ کو بتایا ہے کہ اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کی تشکیل کے لئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے جہانگیر خان ترین اور مخدوم شاہ محمود قریشی اپوزیشن کی دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے کریں گے یہ رابطے اسمبلی کے اندر نمائندگی رکھنے والی جماعتوں اور اسمبلی کے اندر نمائندگی نہ رکھنے والی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ کئے جائیں گے پیپلز پارٹی کی جانب سے پی ٹی آئی کے ساتھ ملکر احتجاجی تحریک چلانے کے عندیے کے بعد پی ٹی آئی نے ماضی کی تلخیوں کو ایک طرف رکھ کر ون پوائنٹ ایجنڈے پر بات چیت کرنے کے لئے مخدوم شاہ محمود قریشی کو ٹاسک دے دیا ہے کہ وہ سید خورشید شاہ اور اعتزاز احسن کے ذریعے تمام معاملات کو طے کریں اور اس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی اور چیئرمین پیپلز پارٹی کی ملاقات کے لئے بھی پارٹی کے اندر رائے عامہ کو ہموار کریں ۔یہاں پر یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی دونوں جماعتوں کے اندر کچھ رہنماؤں کو ملکر احتجاجی تحریک چلانے کے حوالے سے تحفظات ہیں ان تحفظات کو دور کرنے اور ابتدائی معاملات طے کرنے کے لئے بات چیت کا سلسلہ شروع کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
ٹاسک