پی ٹی آئی نے عوام کو پیشہ ور سیاستدانوں کے چنگل سے آزادی دلوائی :میاں جمشید الدین
نوشہرہ (بیورورپورٹ)خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائیز و ٹیکسیشن اور انسداد منشیات میاں جمشید الدین کا کا خیل نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی سچی اور صداقت پر مبنی سیاست کی بدولت عوام کی امیدوں کا مرکز بن چکی ہے جبکہ دوسری طرف عوام سے ووٹ لیکر ان کو ہمیشہ اندھیرے میں رکھنے والے والی سیاسی جماعتوں کا اصلی چہرہ بھی عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سو موار کے روز نوشہرہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کی بجائے عوام کی امیدوں کے مطابق ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لئے جرات مندانہ جدو جہد کی جسے عوام نے محسوس کرتے ہوئے پی ٹی آئی پر اپنے بھر پور یقین ظاہرکیا ہے اور آئندہ انتخابات میں پوری قوم پی ٹی آئی پر اپنے تاریخی اعتماد کا اظہار کریگی اور عوام سے دوغلی سیاست کرنے والے ہمیشہ کیلئے سیاسی منظر نامے سے غائب ہونگے۔