نواز شریف نے لندن فلیٹس 2004سے پہلے خریدے ،ثابت کرینگے :تحریک انصاف
اسلام آباد(اے این این)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ نواز شریف نے عدالت میں مے فیئر فلیٹس کی ملکیت کے حوالے سے غلط بیانی کی ہے لیکن ہم یہ بات سپریم کورٹ میں ثابت کریں گے کہ یہ فلیٹس 2004 سے پہلے خریدے گئے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ شریف خاندان کی کمپنیوں کی لمبی فہرست موجود ہے اور ان کا سارا کاروبار مشترکہ ہے۔ نواز شریف نے عدالت میں مے فیئر فلیٹس کی ملکیت کے حوالے سے غلط بیانی کی حالانکہ چوہدری نثار نے کہا تھا کہ 20 سال پہلے سے یہ فلیٹس شریف خاندان کے ہیں اور وہ وہاں جاتے رہے ہیں۔ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز نے 2002 میں گارڈین کو انٹرویو دیا جس میں کہا کہ ہمارے بچے باہر پڑھتے ہیں جن کیلئے ہم نے فلیٹس خریدے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ التوفیق بینک کے فیصلے میں بھی یہ کہا گیا ہے کہ حدیبیہ پیپر مل سے تین لوگوں شہباز شریف، میاں شریف اور عباس شریف کے مفادات براہ راست وابستہ ہیں ۔ حدیبیہ پیپر مل کے قرضوں کی وصولی کیلئے مے فیئر فلیٹس کو شامل کیا گیا تھا۔جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ مے فیئر فلیٹس اور شریف خاندان کے دیگر کاروبار کے حوالے سے شواہد موجود ہیں جنہیں عدالت میں پیش کریں گے۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیاسی تاریخ کا اہم ترین کیس عدالت میں زیر سماعت ہے جس کے بارے میں سرکاری نمائندے قوم کو غلط تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہم عدالت میں یہ بات ثابت کریں گے اور معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔