ٹانک میں محسود قبائل کا گرینڈ جرگہ ، شماری میں آئی ڈی پیز کا خانہ شامل کرنیکا مطالبہ
ٹانک (نمائندہ خصوصی )محسود قبائل کے گریند جرگے نے مردم شماری فارم میں آئی ڈی پیز کا خانہ شامل کرنے کا مطالبہ کردیا ۔تفصیلات کے مطابق بروز منگل پولیٹیکل کمپاؤنڈ جنوبی وزیرستان میں محسود قبائل کا ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہواجسمیں ممبر قومی اسمبلی وسیفران سٹینڈنگ کمیٹی کے چےئر مین مولانا جمال الدین سمیت سینکڑوں کی تعداد میں قبائلی عمائدین نے شرکت کی ۔جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے مولانا جمال الدین ، ملک سعید الرحمن ، ملک اختر گل ، ملک محمد ہاشم ، ملک جانان خان ، ملک راپاخان ، ملک قابل خان ، شیرپاؤ ایڈوکیٹ ، مولانا عبدالرشید اور دیگر نے کہا کہ محسود قبائل نے ملک کے عظیم ترمفاد کی خاطر اپنے گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کرکے ملک کے کونے کونے میں رہائش پذیر ہیں جبکہ ملک بھر میں آئندہ ماہ مردم شماری شروع کی جارہی ہے ۔ انکا کہناتھاکہ سال 2009میں رجسٹریشن کے دوران انتہائی زیادتی اور ظلم کیا گیا جس کی وجہ سے محسود قبائل کے ستر فیصد سے زائد افراد حکومتی اور اقوام متحدہ کی جانب سے ملنے والی امداد سے محروم ہوگئے ہیں ۔مقررین کا کہنا تھا کہ اب ہمیں معلوم ہواہے کہ مردم شماری فارم میں سے ائی ڈی پیز خانہ کو اس وجہ سے نکل دیا گیا ہے کہ محسود قبائل کے تمام آئی ڈی پیز واپس اپنے علاقوں میں جاچکے ہیں جبکہ حقائق اسکے برعکس ہیں آج بھی محسود قبائل کے پچتر فیصد سے زائد افراد اپنے علاقے وزیرستان سے باہر رہائش پذیر ہیں اگر آئی ڈی پیز خانہ کو شامل نہ کیا گیا تو محسود قبائل کے ساتھ ظلم اور انصافی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ محسود قبائل کے گرینڈ جرگہ نے چگملائی کے مقام پر اپنا موقف سیکرٹری خارجہ سرتاج عزیز کی موجودگی میں فاٹا ریفارمز کمیٹی پر واضح کیا تھا کہ فی الوقت ہم اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ ہم یہ فیصلہ کرسکیں کہ فاٹا کو کے پی کے میں ضم کیا جائے یا الگ صوبے کا درجہ یا پھر ایف سی ار میں ظالمانہ شقوں میں ترمیم کرکے فاٹا کو اسی حالت پر برقرار رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ چارسدہ مردان اور پشاور میں بیٹھے افراد ہمارے مستقبل کے فیصلوں کے بجائے اپنے علاقوں پر توجہ دیں ۔مقررین نے کہا کہ محسود قبائل کے حراست میں لئے گئے وہ افراد جن پر کوئی جرم ثابت نہیں ہوئے انسانی ہمدردی کی بناپر رہاکئے جائیں ۔مقررین نے نادرا رجسٹریشن سینٹر ٹانک 2جنوبی وزیرستان کے انچارج کامران پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انکا رویہ انتہائی ہتک امیز اور ناقابل برداشت ہے انہیں فوری طور پر تبدیل کیا جائے جرگہ نے بعد میں اسسٹنٹ پولیٹیکل آفیسر جنوبی وزیرستان محمد شعیب کو ان تمام مطالبات اور تحفظات سے اگاہ کیا جبکہ اے پی او نے جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے تما م جائز مطالبات کو حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مردم شماری فار م میں ائی ڈی پیز خانہ کو شامل کرنے کیلئے حکام بالا سے رابطہ کیا ۔