فاٹا کے مسائل کا حل فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد میں ہے : امیر مقام
پشاور( سٹاف رپورٹر )وزیراعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ فاٹا کے مسائل کا حل فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد میں ہے۔ مسلم لیگ (ن) فاٹا کے عوام کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے ہرممکن اقدام کریں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فاٹا کے عوام کا کردار قابل تحسین ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں مقامی ہوٹل میں نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) اور خادم الخلق فاؤنڈیشن کے درمیان معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ معاہدے کے تحت این ٹی ایس خادم الخلق فاؤنڈیشن کے ذریعے خیبرایجنسی کے 250 مستحق طلباء کو میرٹ کی بنیاد پر تعلیمی وظائف دے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ فاٹا کے لئے ہمارے دل میں خاص مقام ہے۔ این ٹی ایس کی طرف سے فاٹا کے ذہین اور مستحق طلباء کے لئے تعلیمی وظائف کا اعلان خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے لوگوں کے نمائندوں کا صوبائی اسمبلی میں نہ ہونا، فاٹا میں بلدیاتی نظام کا نہ ہونا کہاں کا انصاف ہے۔ میں اپنے قائد نوازشریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے رکاوٹوں کے باوجود فاٹا اصلاحات کے ذریعے فاٹا کے لوگوں کو قومی دھارے میں شامل کیا۔ میں فاٹا کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ فاٹا اصلاحات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ یہ ہمارا ایجنڈا ہے اور فاٹا کے عوام کا حق ہے۔ فاٹا کے عوام اصلاحات چاہتے ہیں۔ ہم فاٹا کے عوام کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ فاٹا کے تمام مسائل کا حل اصلاحات پر عملدرآمد میں ہے۔ اصلاحات کے تحت جو پیکج بنایا گیا ہے اس سے فاٹا کو سالانہ اربوں روپے ملیں گے اور وہاں پر ترقی کا دور آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فاٹا کے عوام نے افواج پاکستان کے ساتھ مل کر جو شاندار کردار ادا کیا ہے ہم اس کو سراہتے ہیں۔ فاٹا کے عوام بے گھر ہوئے اور انہوں نے یہ قربانیاں پاکستان کے لئے دیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فاٹا کے رکن اسمبلی شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ ہم وزیراعظم پاکستان کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمارے مسائل پر غور کرتے ہوئے فاٹا اصلاحات منظور کیں۔ اس سے فاٹا میں خوشحالی آئے گی اور ترقی ہو گی۔ این ٹی ایس کے ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شیرزادہ نے کہا کہ این ٹی ایس اب تک ملک بھر میں مستحق طلباء کو تعلیم کے حصول کے لئے ساڑھے 17 کروڑ روپے کے وظائف دے چکا ہے۔ جنوبی وزیرستان کے بے گھر بچوں کی تعلیم پر ایک کروڑ روپے کے اخراجات کئے ہیں۔ مزید 250 بچوں کو وظائف دے رہے ہیں۔ اس سے فاٹا میں تعلیم کا معیار بلند ہو گا اور وہاں کے مستحق بچوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم ہونگے۔ این ٹی ایس ملک میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ بہت جلد شمالی وزیرستان کے بچوں کے لئے بھی وظائف کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی ایس پنجاب، خیبرپختونخوا، آزادکشمیر، گلگت بلتستان میں ملازمتوں کی بھرتیوں کے لئے ٹیسٹ لے رہا ہے۔ امید کرتے ہیں کہ سندھ حکومت بھی اپنے لوگوں کا خیال کرتے ہوئے ہم سے ٹیسٹ کرائے گی۔ اس موقع پر فاٹا کے ڈائریکٹر ایجوکیشن ہاشم خان آفریدی نے بتایا کہ فاٹا میں کل 5994 تعلیمی ادارے تھے جہاں 7 لاکھ بچے تعلیم حاصل کر رہے تھے جبکہ 20 ہزار اساتذہ کام کر رہے تھے جن میں سے 1195 آپریشن کے دوران تباہ ہو گئے۔ 635 سکولوں کی ازسرنو تعمیر کر رہی ہے۔ 385 پر کام جاری ہے جبکہ 280 پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر این ٹی ایس اور خادم الخلق فاؤ نڈیشن خیبر ایجنسی کے درمیان ایک ایم او یو پر دستخط ہوئے جس کے تحت 1کروڑ روپے کے سکالرشپس خیبر ایجنسی کے مستحق بچوں کو دیے جائیں گے۔این ٹی ایس کی جانب سے ڈاکٹر شیر زادہ خا ن سی ای او این ٹی ایس اور فاروق آفریدی چیئرمین خادم الخلق فاؤنڈیشن خیبر ایجنسی نے ایم او یو پر دستخط کئے ۔خادم الخلق فاؤنڈیشن ،خیبر ایجنسی میں نوجوانوں میں تعلیم و تربیت ، امن و امان اور فلاح و بہبود کے حوالے سے مصروفِ عمل ہے۔ اس پروگرام کے تحت این ٹی ایس کی نگرانی میں خادم الخلق فاؤ نڈیشن کے ذریعے7ویں جماعت سے لیکر 12ویں جماعت تک کے طلبا و طالبات میں ، ٹیوشن فیس ، بیگس، یونیفارم، جوتے، کتابیں اور وظیفے کی رقوم تقسیم کی جائیں گی اس پروگرام کی مدت 2سال ہو گی۔