پشاور:ڈینگی مریضوں کی تعداد 800سے تجاوز کر گئی ،پنجاب سے انسدادی ٹیمیں پہنچ گئیں

پشاور:ڈینگی مریضوں کی تعداد 800سے تجاوز کر گئی ،پنجاب سے انسدادی ٹیمیں پہنچ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور (خصوصی رپورٹ،عمران رشید)خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ڈینگی وائرس پھیلنے کے بعد صوبائی حکومت نے بالآخر ہنگامی اجلاس منعقد کر دیا، وزیر اعظم کے مشیر نے ہسپتال جا کر ڈینگی کے مریضوں کی عیادت کی جبکہ پنجاب سے محکمہ صحت کی ٹیم ماہرین اور خصوصی آلات سمیت پشاور پہنچ گئی، تفصیلات کے مطابق پشاور میں ڈینگی وائرس سے 10افراد کے دم توڑ جانے اور سینکڑوں کے اس مرض میں مبتلا ہونے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس کے بعد صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی اور سیکرٹری صحت نے میڈیا کو بریفنگ دی، وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے تمام مریضوں کا ہسپتالوں میں مفت علاج کیا جائے گا، جبکہ تمام ٹیسٹ بھی مفت ہوں گے اور ادویات بھی مفت فراہم کی جائیں گی، ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو جبکہ پنجاب کے وزیر صحت نے ان کو فون کر کے مدد کی پیشکش کی، جس پر ان کا شکریہ ادا کیا گیا، تاہم فی الحال کوئی مدد نہیں لی جا رہی اور ضرورت پڑنے پر مدد لی جائے گی، صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ڈینگی کے معاملہ پر سیاست کرنے سے گریز کیا جائے، صوبائی حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے اور کسی امدادی پیکج کیلئے اعلان بھی ضروری نہیں، دوسری طرف وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے خیبر ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور ڈینگی میں مبتلا زیر علاج مریضوں کی عیادت کی، اس موقع پر انہوں نے مرکزی حکومت کی جانب سے ڈینگی میں مبتلا ہو کر جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کیلئے 2، 2 لاکھ روپے کے پیکج کا اعلان بھی کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاحتی دوروں سے فرست ملے گی تو ہی وہ اپنے صوبے میں ڈینگی پر توجہ دیں گے، انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے مرکزی حکومت صوبے کے عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی، دوسری طرف محکمہ صحت پنجاب کی میڈیکل ٹیم ایڈیشنل ڈی جی محکمہ صحت کی سربراہی میں پشاور پہنچ گئی ہے، جس میں ڈینگی کنٹرول پروگرام پنجاب کے سربراہ، 5 سینئر ڈاکٹر اور ٹیکنیشن شامل ہیں جبکہ ڈینگی سے بچاو اور علاج کی ادویات، 2 موبائل ہیلتھ یونٹ جن میں ایکسرے اور لیبارٹری کی سہولت بھی موجود ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔ پنجاب سے آنے والی ٹیم کے سربراہ کا کہنا ہے کی ڈینگی کے پھیلاو کو روکنے اور مکمل قابو پانے میں صوبائی حکومت کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، دریں اثناء صوبائی دارالحکومت کے بڑے ہسپتالوں خیبر ٹیچنگ اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ صحت کا مطابق اب تک خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 5078 مریضوں کی سکریننگ کی گئی ہے، جن میں سے آٹھ سو باسٹھ میں ڈینگی کی تصدیق کی گئی ہے، جبکہ دو سو ستائیس کو صحت یاب ہونے کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کیا گیا ہے، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں بھی ڈینگی کے مریض لائے جا رہے ہیں، اب بھی 14 مریض حیات آباد میڈیکل کمپلیکس جبکہ 142 مریض خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پشاور(آن لائن)پشاور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 800سے تجاوز کرگئی،صوبائی حکومت نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے، صوبہ پنجاب سے ڈاکٹروں کی ٹیمیں پشاور پہنچ رہی ہیں۔ تفصیلا ت کے مطابق خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ڈینگی نے ایک بار پھر وار شروع کردیئے ہیں اور علاقہ تہکال، پشتہ خرہ، سفید ڈھیری سمیت 5یونین کونسلز میں ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور متاثرہ مریضوں کی تعداد اٹھ سوسے بھی تجاوز کرگئی ہے ۔ ڈ ینگی وائرس کے تیزی سے پھیلنے کے بعد صوبائی حکومت نے ہنگامی اجلاس طلب کرنے سمیت شہر کے تمام بڑے ہسپتالوں میں خصوصی سینٹر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔محکمہ صحت کے پی کے مطابق ڈینگی کے حوالے سے اب تک 4ہزار 9 سو افراد کی اسکریننگ کی گئی ہے اور ڈینگی وائرس میں اضافے کے بعد جلد پنجاب سے ڈاکٹروں کی ٹیمیں پشاور پہنچ رہی ہیں۔