گدھوں کی کھالوں کی برآمد ملزمان ریمانڈ پر کسٹم کے حوالے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کی کسٹم کورٹ نے گدھوں کی کھالیں برآمد کرنے والے ملزمان کو 7روز ہ ریمانڈ پر کسٹم حکام کے حوالے کردیا ہے ۔جمعرات کو کسٹم حکام نے گدھوں کی کھالیں برآمد کرنے کے الزام میں گرفتار ایک خاتون سمیت 7ملزمان کو کسٹم کورٹ میں پیش کیا ۔کسٹم حکام نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ یہ تمام ملزمان کو گدھوں کی کھالیں ملک کے مختلف شہروں سے جمع کرکے کراچی پہنچاتے تھے جس کے بعد انہیں بیرون ملک بھجوادیا جاتا تھا ۔گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے کھالیں برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا جس میں ایک چینی باشندہ بھی شامل ہے ۔ملزمان سے مزید تفتیش کرنی ہے لہذا انہیں ریمانڈ پر کسٹم کے حوالے کیا جائے ۔عدالت نے کسٹم کی استدعا منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 7روزہ ریمانڈ پر کسٹم حکام کے حوالے کردیا ہے ۔