حکمران عوام کے تحفظ کے بجائے ذاتی مفادات کو مستحکم کررہے ہیں: سراج الحق

حکمران عوام کے تحفظ کے بجائے ذاتی مفادات کو مستحکم کررہے ہیں: سراج الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سکھر(بیورو رپورٹ )امیرجماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ چاہتے تھے کہ حکومتیں اپنی مدت پوری کریں لیکن صوبائی اور وفاقی حکومتوں نے اپنے کیے وعدوں کی پاسداری نہیں کی ہے، حکمران عوام کے تحفظ کے بجائے اپنے مفادات کو مستحکم کر رہے ہیں ، عوام حکمرانوں سے دریافت کرتے ہیں کہ پاکستان کے فنی ادارے روز بروز خسارے میں جا رہے ہیں تمہارے تجارتی ادارے کیسے ترقی پر گامزن ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ کے تیسرے اورآخری مرحلہ کے آغاز پر میں روہڑی ریلوے اسٹیشن پر منعقدہ ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، لیاقت بلوچ، اسداللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی ممتاز حسین سہتو، عبدالحفیط بجارانی ، مولانا حزب اللہ جکھرو، ناظم صوبہ سندھ جمعیت صلاح الدین ، پریم یونین کے رہنماء حافظ سلمان بٹ ، خیرمحمدتنیوسمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا، سینیٹر سراج الحق نے مذید کہا کہ پاکستان میں تمام منافع حکمرانوں کے لیے اور خسارے غریب عوام کی قسمت میں ہیں،پاکستان کے تمام قومی ادارے ریلوے پی آئی اے اسٹیل مل ، واپڈا سب خسارے میں ہیں اور خسارے کا بوجھ عوام برداشت کر رہے ہیں، ٹیکسوں میں اضافہ ہو رہا ہے ایک جانب لوڈ شیڈنگ ہیں جبکہ دوسری جانب واپڈا والے بڑے بڑے بل بھیج رہے ہیں، آج سے دس برس قبل 354 یونٹ بجلی کے صارفین بارہ تیرہ سوروپے ادا کرتے تھے آج 345 یونٹ استعمال کرنے والوں کوپانچ ہزار سات سو بہتر روپے ادا کرنا ہوتے ہیں،آج مزدور کی تنخواہ بارہ اور پندرہ ہزار ہے میں وزیر خزانہ سے پوچھتا ہوں کہ وہ دس ہزار میں ایک گھرانے کابجٹ بنا کر دکھائیں،تمہارے گھوڑے کتے ائر کنڈیشن میں اور غریب عوام کے بچے فٹ پاتھوں پر گندگی کے ڈھیر میں رزق تلاش کرتے ہیں،انہوں نے کہا غریب لوگوں کی حالت دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے میرا دل چاہتا ہے کہ میں ٹرین مارچ ان ظالموں قاتلوں اور لٹیروں کے سر پر چلا دوں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام کو 67 برس گزر گئے پاکستان کے عوام کو غریب تر بنا دیا گیا ہے اور پاکستان کی اشرافیہ امیر تر ہورہی ہے، انہوں نے کہاکہ میں نے انہیں حکومت چھوڑنے کو نہیں کہا تھا پانچ برس انکا مینڈیٹ ہے ، انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کے امیر اراکین کی تنخواہ میں چند منٹوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے جبکہ غریب کیلئے جگہ جگہ راستے بند کیے جا تے ہیں،جاگیردارانہ نظام سے انسان ترقی نہیں کر سکتا، اسکول ہیں استاد نہیں ، ہسپتالوں میں ادویات نہیں ، ہر جگہ وی آئی پیز پروٹوکول ہے، پروٹوکول کیلئے تنخواہیں دی جاتی ہیں، تمام مسائل کا علاج اسلامی نظام ہے ،قوم آئندہ نسلوں پر رحم کریں اور ظلم و جبر کرپشن سے پاک پاکستان بنانے کیلئے ہمارا ساتھ دیں اس عظیم جدو جہد میں سندھ کے لوگ ہمارا ساتھ دیں ۔ سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اب وقت آچکا ہے کہ کرپٹ عناصر کا احتساب کیا جائے،تما م اسٹیشنوں پر ٹرین مارچ کافقید المثال پر جوش و جذبہ کیساتھ استقبال کر کے عوام نے کرپشن کرنے والوں کیخلاف فیصلہ دیدیا ہے،اب عوام کی آواز پر کان نہیں دھرے گئے تو کرپشن کیخلاف عوام اسلام آباد کا رخ کر سکتے ہیں۔ اج الحق نے مذید کہا کہ ہمارا ٹرین مارچ کسی پارٹی کی خلاف نہیں بلکہ کرپٹ عناصر کے خلاف ہے، پارٹیوں کے کارکنان پارٹی امتیاز سے بالا تر ہو کر اپنی جماعتوں میں موجود لیڈروں کا کڑا احتساب کریں، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا نظام درست کیا جائے، اگر آئین کی دفعات 62 اور63 پر عملدرامد ہوتو مسقبل میں اسمبلیوں میں بیٹھنے والوں کی اکثریت پارلیمنٹ میں نہیں پہنچ سکے گی، انہوں نے کہا کہ پناما لیکس ایک بین الاقوامی ایشو ہے، بد قسمتی سے ہمارے ملک کے لوگ بھی اس میں شامل ہیں، کرپشن کرنیوالوں کا احتساب کیا جانا چاہیے اگر بنائی گئی کمیٹی نے کسی لیت و لعل سے کام لیا تو اس کے ساتھ بھی حساب کتاب ہوگا، انہوں نے کہا کہ حمود الرحمن کمیشن کی طرح کا کمیشن نہیں چاہتے بلکہ پنامہ لیکس پر چیف جسٹس کی سربراہی میں ایک با اختیار عدالتی کمیشن ہی قابل قبول ہوگا، انکا کہنا تھا کہ کرپشن کی وجہ سے عوام کیلئے ہر سال استحصال کاسال ہوتا ہے، غریب کے بچے تعلیم اور روزی سے محروم ہیں دوسری جانب اشرفیہ نے ملکی دولت کو پنامہ میں جمع کر کے رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ خوشحال پاکستان کیلئے ایک کرپشن فری پاکستان ضروری ہو چکا ہے۔جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے اصل دشمن وہ استحصالی عناصر ہیں جو کرپشن کر رہے ہیں اور عوام کو بد حال کر دیا ہے، کرپٹ حکمرانوں نے نظریاتی سرحدوں کو کمزور بنا دیا ہے، ملک سے جاسوس پکڑے جا رہے ہیں، سی پیک کے اعلان کے بعد ملکی مفادات کے تحفظ کیلئے نواز شریف ناکام ہو چکے ہیں، کرپٹ قیادت ملک کے مسائل کو حل نہیں کر سکتی ، کرپٹ ملکی قیادت سے چھٹکارا پانا ضروری ہو چکا ہے ، جماعت اسلامی صوبہ سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ باب الاسلام سندھ کے باشندوں نے سراج الحق کی قیادت میں کرپشن کے خلاف ٹرین مارچ کا والہانہ خیرمقدم کر کے کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک میں شامل ہونیکا مظاہرہ کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ سخت گرمی کے باوجود شاہ لطیف کی دھرتی وادی مہران سندھ کے عوام نے ٹرین مارچ کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہا ہے،دیگر صوبوں کی طرح انشاء اللہ سندھ کے عوام بھی کرپشن کے خلاف سراج الحق کی قیادت میں جاری مہم کا کرپشن کے خاتمہ تک ساتھ دیتے رہیں گے۔ اس موقع پر ریلوے اسٹیشن کی فضاء نعروں سے گونج اٹھی، ریلوے اسٹیشن کو خیرمقدمی نعروں کے رنگ برنگے بینرز پوسٹرز اور پرچموں سے سجایا گیا تھا،بعد ازاں کرپشن فری پاکستان ٹرین مارچ کے خیرپور،گمبٹ،رانی پور،سٹھارجہ،محرابپور،بھریاروڈ،پڈعیدن،باندھی، نواب شاہ،شہدادپور،ٹنڈوآدم،حیدرآباد،کوٹری،لانڈھی اورکراچی کینٹ اسٹیشن پہنچن پر زبردست استقبال کیا گی۔