کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے، شاہ محمود قریشی
نواب شاہ(آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے، اب عوام کو اٹھ کھڑا ہونا ہوگا ،اپنے حقوق کے لئے آگے آنا ہوگا ، ہم تین دنوں میں سندھ کے مختلف شہروں اور قصبوں میں ریلی نکال رہے ہیں ہم نے دیکھا ہے کہ عوام کرپشن کے خلاف ہیں،وہ نواب شاہ میں تحریک انصاف کی جانب سے ملک بچاؤ کرپشن مٹاؤ ریلی سے خطاب اور بعد ازاں نواب شاہ پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرپشن مٹاؤ ریلی تحریک انصاف کی ذاتی نہیں بلکہ عوام کی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ نعرے لگاتے ہیں کہ کشمیر بنے کا پاکستان مگر دوسری جانب پاکستان کے عوام کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں انہیں حقوق نہیں دئے جارہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا خزانہ خالی ہوگیا ہے اور اب کیفیت ہے کہ ملک کے قرضے اتارنے اور اس کا سود ادا کرنے کے لئے مزید قرضے لئے جارہے ہیں۔چوہدری سرور سے اختلافات کے حوالے سے پوچھے گئے جواب میں انہوں نے کہا کہ اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں، چوہدری سرور لند ن جارہے ہیں، اپنے بیٹے کی الیکشن مہم میں حصہ لینے کے لئے، ان کے بیٹے گلاسکو سے ہاؤس آف کامن کا الیکشن لڑ رہے ہیں، کیا ایک باپ اپنے بیٹے کی مہم کے لئے بھی نہیں جاسکتا ۔