تحریک انصاف پورے ملک میں کلین سویپ کی پوزیشن میں ہے :محمود خان

تحریک انصاف پورے ملک میں کلین سویپ کی پوزیشن میں ہے :محمود خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مٹہ(نمائندہ پاکستان )خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، میوزیم ، امور نوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس میں ملوث سیاستدان خود اپنی سیاسی موت مر رہے ہیں، اس ملک کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی صورت میں ممکن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 2018ء کی عام انتخابات کے لئے تحریک انصاف پورے ملک میں کلین سویپ کے پوزیشن میں ہے اور آئندہ ملک کا وزیر اعظم عمران خان ہی ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جورا مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا ۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما محمد ابراہیم باچا ، سید اسماعیل شاہ ، امجد علی ، نادر شاہ ، امین شاہ ، صاحبزادہ ، گلزادہ ،نور عالم ، مومن ، جہانزیب باچا ، بحرمند اور صنوبر باچا نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔محمود خان نے کہا کہ مسلم لیگ ، پی پی پی اور اے این پی کی سیاست کا سیاہ دور ختم ہو چکا ہے اور آئندہ کے لئے ان پر کامیابی کے دروازے بند ہو چکے ہیں ۔ ماضی میں ان مسترد شدہ پارٹیوں نے اپنے دور اقتدار میں کرپشن ، لوٹ کھسوٹ ، اقرباء پروری ، بدعنوانی ، رشوت ، تقرریوں اور تبادلوں کے قیمت وصول کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ مسترد شدہ سیاستدان اب نئے لبادے اڑ کر عوام کو گمراہ کرنے کے لئے سرگرم ہو چکے ہیں لیکن ان کو معلوم ہو کہ عوام ان کی سیاہ چہروں سے پوری طرح باخبر ہو چکے ہیں اور کبھی بھی ان کے جال میں پھنسنے والے نہیں ۔محمود خان نے کہا کہ عوام کی بلاامتیاز خدمت کرنا میرا سیاست ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ عمران خان او رپی ٹی آئی کے رہنماؤں کے جلسوں سے مخالفین بوکھلاہت اور خوف کے شکار ہیں ۔ محمود خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا حالیہ کامیاب دورہ چین سے ثابت ہو گیا ہے کہ بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے خیبر پختونخوا میں سنہرے دور کا آغاز ہو چکا ہے اور وہ بلا خوف وخطر یہاں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں ۔ محمود خان نے کہا کہ صوبے کے ہر ضلع میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام جاری ہیں جن کی تکمیل سے صوبہ ترقی کے نئے دور میں شامل ہو جائے گا ، عوام کی فلاح وبہبود کے لئے تمام دستیاب وسائل سے استفادہ کیا جا رہا ہے ۔ تمام سرکاری ادارے عوام کے تابع بنادئیے ہیں جو کام ماضی میں بغیر رشوت کے نہیں ہو سکتا تھا اب کسی سفارش اور رشوت کے بغیر ہو رہا ہے ، عوام کا پی ٹی آئی حکومت پراعتماد میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے اور دوسرے پارٹیوں کے کارکن جوق درجوق پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں اور یہی پاکستان تحریک انصاف کے لئے طمانیت اور خوش آئند ہے ۔