اتحادیوں کی بدعنوانی کے بوجھ سے قومی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی: میاں مرغوب

اتحادیوں کی بدعنوانی کے بوجھ سے قومی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی: میاں ...

لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما وسابق ممبرقومی اسمبلی میاں مرغوب احمدنے کہا ہے کہ اتحادی ٹولے نے تو عوام کوزندہ درگور کردیا،ان کی بدعنوانی کے بوجھ سے قومی معیشت کادھڑن تختہ ہوگیا ۔لوگوں کے پاس آٹاتھا نہ روزگار،صدرزرداری کیلئے محلات تعمیر ہوتے رہے۔ایوان صدرکے دروازے مظلوموں کیلئے بند رہے جبکہ این آراوزدگان نے ایوان صدرکوپناہ گاہ کے طورپراستعمال کیا۔ اتحادی پارٹیوں کے چہیتوں کونوازنے کیلئے عوام کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے بھی محروم کردیاگیا ۔آج قومی قیادت سے عام آدمی تک کسی کی جان محفوظ نہیں،ملک میں امن وامان کی صورتحال انتہائی ناگفتہ بہ ہے ،قصرصدارت میں محصور زربابا کوعام آدمی کی زندگی سے کوئی سروکار نہیں۔سبزہ زارمیںایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میاں مرغوب احمد نے مزید کہا کہ سیاسی مخالفین پرکیچڑ اچھالنا زرداری لیگ اورقاف لیگ کی فطرت ہے ۔قومی قیادت کیخلاف منفی بیانات پرعوام اتحادی ٹولے کومعاف نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اتحادی ٹولے نے عوام کودرپیش مسائل حل کرنے کی بجائے صدرزرداری کی سوئس بنک میں پڑی دولت بچانے کیلئے کام کیا ۔کل تک قاف لیگ کی سیاست پرویز مشرف کے گرد گھومتی تھی آج صدرزرداری ان کی سیاست کامحور ہیں۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کوگاڑی سمیت کندھوں پراٹھانے اورپرویز مشرف کی وردی کے حق میں قراردادیں پاس کرنے والی قاف لیگ نے مونس الٰہی کوچھڑانے کیلئے صدرزرداری کواپنا باس مان لیا ۔یہ لوگ اقتدار کیلئے کچھ بھی کرسکتے ہیں،عوام ان کی باتوں پرکان نہ دھریں ۔انہوں نے کہا کہ قاف لیگ والے قائداعظم ؒ نہیں پرویز مشرف اورصدرزرداری کے پیروکار ہیں۔اتحادی ٹولے کا سیاسی ایجنڈا بابائے قوم ؒ کے افکاراورذوالفقاربھٹو کے فلسفہ سیاست سے متصادم ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پاکستان میں آمرانہ نظام کا تسلسل چاہتے ہیں ۔ان کا دوبارہ اقتدار میں آناپاکستان کیلئے سکیورٹی رسک ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام ووٹ کی طاقت سے احسان فراموش سیاستدانوں کو نشان عبرت بنا دیں گے ۔قاف لیگ نے آمریت کودوام بخشا اورآئین کا تقدس پامال کیا ۔انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے اقتدار پراپنی گرفت مضبوط کرنے کیلئے پاکستان کو کمزور کردیا ،ان کا مزید اقتدار میں رہنا پاکستان کیلئے خطرے سے خالی نہیں۔

مزید : الیکشن ۲۰۱۳

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...