افغان باشندے 30 اپریل کے بعد بغیر ویزہ پاکستان نہیں آسکیں گے
خیبر ایجنسی (آئی این پی) پاک افغان بارڈر پر طور خم میں پاکستان اور افغان فورسز کے درمیان فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں پاکستان حکام نے واضح کیا کہ 30 اپریل کے بعد کوئی افغان باشندہ ویزہ کے بغیر پاکستان داخل نہیں ہو سکے گا۔ پاک افغان بارڈر پر طورخم میں پاکستان اور افغان حکام کی فلیگ میٹنگ منعقد ہوئی جس میں پاکستان کی طرف سے خیبر رائفلز کے ونگ کمانڈر لفٹننٹ کرنل توفیق ، اسسٹنٹ پولیٹیک ایجنٹ رحیم اللہ محسود اور دیگر حکام جبکہ افغانستان کی طرف سے کرنل نثار اور میجر سیدامین نے حصہ لیا۔ میٹنگ میں بارڈر سکیورٹی کے حوالے سے بحث کی گئی اور مجموعی جائزہ لیا گیا۔ پاکستانی حکام نے افغان نیشنل آرمی کے اعلیٰ حکام پر واضح کیا کہ وہ تمام افغانی ویزہ کے ساتھ پاکستان داخل ہونے کا مجاز ہو گا بصورت دیگر قانونی کاغذات نہ ہونے کی صورت میں ان کیخلاف قانونی چارہ جوئی ہو گی۔ ایف سی حکام نے افغان نیشنل آرمی کو تحائف بھی پیش کئے۔