ایران سے دوسرا بھارتی جاسوس بھی مانگ لیا ،کلبھوشن کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے :پاکستان

ایران سے دوسرا بھارتی جاسوس بھی مانگ لیا ،کلبھوشن کا معاملہ اقوام متحدہ میں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد ، لاہور(سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کل بھوشن کے معاملے پر ایران سے رابطہ میں ہیں، بھارت کل بھوشن کو اپنا ایجنٹ مانے یا نہ مانے، اس نے خود تسلیم کر لیا ہے لہٰذا تمام شواہد اور ثبوتوں کے ساتھ معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے گا۔دفتر خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے کرتوت ساری دنیا کو بتائیں گے۔ را کی جانب سے ایرانی سرزمین کے استعمال پر ایران سے رابطہ بھی کر لیا گیا ہے۔ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے بتایا کہ’’ را‘‘کے ایجنٹس کے ایرانی سرزمین کے استعمال پر ایران کیساتھ رابطے میں ہیں۔نفیس زکریا کا کہنا تھا پاک بھارت خارجہ سیکرٹری مذاکرات کسی ایک واقعہ کی نظر نہیں ہونے چاہیے، پاکستان چاہتا ہے کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات سے نکالا جائے،دریں اثنا پاکستان نے کلبھوش یادیو اور دیگر ’’را‘‘ ایجنٹس کیخلاف کارروائی کیلئے ریفرنس ایران کو بھجوادیا ، ریفرنس پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ہنردوست کے ہاتھوں بھجوایا گیاہے جس میں حکومت پاکستان نے ایران سے چھ امور پر تعاون طلب کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کیخلاف ایران میں بھارتی ایجنسی را کی سرگرمیوں ، را ایجنٹ راکیش کی حوالگی ، کلبھوشن اور راکیش کے ایران میں روابط کی تفصیلات سمیت کلبھوش کے ایران میں قیام اور اس کے کاروبار کی نوعیت کے حوالے سے تمام تفصیلات طلب کی گئی ہیں ۔ حکومت پاکستان نے ایرانی حکومت سے کلبھوشن یادیو سمیت ایران میں موجود پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث را کے ایجنٹوں کے حوالے سے بھی تحقیقات کیلئے چھ نکاتی امور پر مدد طلب کرلی ہے ۔ حکومت نے چھ نکاتی ریفرنس میں پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ہنر دوست کے ہاتھوں ایرانی حکومت کو بھیجا ۔ چھ نکاتی ریفرنس کے متن میں پاکستان نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران میں پاکستان مخالف سرگرم غیر ملکی عناصر خصوصاً ’’را‘‘ کے نیٹ ورک کی تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں ۔ ایران میں موجود کلبھوشن یادیو کا ساتھی راکیش عرف الیاس رضوان کو گرفتار کرکے پاکستان کے حوالے کیاجائے راکیش اور کلبھوشن کے ایران میں رابطوں کی مکمل تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائے ۔ان کے ایران کے مختلف شہروں میں قیام کا دورانیہ اور ایران میں ان کے رابطوں سے متعلق بھی تفصیلات فراہم کی جائیں ،کلبھوشن یادیو کی ایران میں پاکستان مخالف سرگرمیوں سے متعلق تصدیق کی جائے ۔ پاکستان نے ایران سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ ’’را‘‘ کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کو سنجیدگی سے دیکھے اور پاک ایران سرحد کی خود مختاری اور حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں جو دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان رکاوٹ بن سکتے ہیں توقع ہے کہ ایران پاکستان مخالف سرگرمیوں کا سختی سے نوٹس لے کر ان کا سدباب کرے گا۔اسلام آباد(اے این این ) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ملکوں اوریورپی یونین کوبلوچستان سے بھارتی جاسوس کل بھوش یادیوکی گرفتاری اور ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اس کے ملوث ہونے کے بارے میں آگاہ کردیا،دفترخارجہ کے ترجمان نفیس زکریانے کہاکہ را کے ایجنٹ کی گرفتاری کے وقت اور ایرانی صدر کے دورہ کا کوئی تعلق نہیں، یہ محض اتفاق ہے کہ خبر ان کے دورہ کے وقت سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مولانا مسعود اظہر تک رسائی مانگنے کا معاملہ ان کے علم میں نہیں، بھارت نے اگر مسعود اظہر تک رسائی مانگی تو یہ معاملہ وزارت داخلہ دیکھے گی۔ ایک سوال پر نفیس ذکریا نے کہاکہ ایم کیوایم کے ’’را‘‘کے ساتھ رابطوں کے الزامات کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور ان کی تحقیقات کے نتیجے میں مزیدلائحہ عمل طے کیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پٹھان کوٹ دہشتگرد حملے کی تحقیقات کے لئے پاکستان کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی وطن واپسی کے بعد ، بھارت کے پاکستان کے ساتھ تعاون کے بارے میں کوئی بیان دے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر بات چیت جاری ہے کیونکہ ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کی ضرورت ہے ۔ ترجمان نے حکومت کے اس عزم کا اعاد ہ کیاکہ لاہور کے دہشتگرد حملے کے ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا اور دہشتگردی کے خاتمی کی کوششیں جاری رکھی جائینگی ۔انہوں نے متعدد ملکوں کے سربراہوں کی طرف سے اظہار یکجہتی کے پیغامات کو سراہا ۔ ایک سوال پر نفیس ذکریا نے کہاکہ پاکستان کے خلاف افغانستان کے بے بنیاد الزامات سے صرف دہشتگرد مضبوط ہونگے ۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن کی بحالی کے لئے علاقائی تعاون ناگزیر ہے ۔

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے بھارت کو بلوچستان سے گرفتار ’’را‘‘کے حاضر سروس آفیسر کل بھوشن یادیو تک رسائی دینے سے انکار کر دیا۔ذرائع کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے پاکستانی وزارت خارجہ کو دو مرتبہ خط لکھا جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ بھارت کو کل بھوشن یادیو تک رسائی دی جائے تاہم پاکستان نے صاف انکار کرتے ہوئے بھارت کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ ذرائع کا مزید کہناہے کہ پاکستان نے موقف اختیار کیا ہے کہ کل بھوشن یادیو کا معاملہ صرف جاسوسی تک ہی محدود نہیں تھا بلکہ وہ دہشت گردی اور بغاوت کی کارروائیوں میں ملوث تھا جبکہ وہ بلوچستان اور کراچی کو پاکستان سے الگ کرنے کیلئے سرگرم تھا۔ پاکستان کی جانب سے بھارت کو کہا گیا ہے کہ کل بھوشن کے اعترافی بیان کے بعد اس کے عزائم کھل کر سامنے آگئے ہیں لہذا ایسی صورت حال میں بھارت کو کل بھوشن یادیو تک رسائی نہیں دی جاسکتی۔

مزید :

صفحہ اول -