بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے درندے اپنے کیے کی سزا ضرور بھگتیں گے :شہباز شریف
ساہیوال (بیورو رپورٹ)وزیر اعلی ٰ پنجاب محمد شہباز شریف ساہیوال کے نواحی گاؤں چک نمبر 86/6-R میں سانحہ گلشن اقبال پارک میں جاں بحق ہونیوالی دو خواتین کے گھر گئے اورغمزدہ خاندان سے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے تعزیت کے بعد جاں بحق خواتین کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ گلشن اقبال پارک دھماکے میں اس گاؤں کی رہائشی 55 سالہ سکینہ بی بی اور 2 سالہ جویریہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی تھیں جبکہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والی سکینہ بی بی کے خاوندمحمد حسین کا پہلے ہی انتقال ہوچکا ہے ۔وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونے والی خاتون سکینہ بی بی کی یتیم بیٹی معظمہ کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا اور20لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک دیاجبکہ دو سالہ جویریہ کے لواحقین کو 10لاکھ روپے مالی امداد کا چیک دیا ۔دھماکے میں اس خاندان کے30 افراد زخمی ہو گئے تھے۔شدید زخمیوں کا لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے جبکہ معمولی زخمی اپنے گھر پہنچ چکے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے خاندان کے دو بیمار بچوں اور ایک بزرگ خاتون کے مفت علاج معالجہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت بیمار افراد کے علاج معالجے کے اخراجات برداشت کرے گی۔اس ضمن میں انہوں نے کمشنر ساہیوال ڈویژن کو ضروری ہدایا ت دیں۔وزیراعلیٰ نے سکینہ بی بی کی بیٹی معظمہ کے سر پر ہاتھ رکھتے ہوئے اسے دلاسہ دیا اور کہا کہ پنجاب حکومت آپ کے خاندان کی ہر ممکن دیکھ بھال کرے گی۔ آپ کے والد پہلے وفات پاچکے ہیں جبکہ والدہ دھماکے میں جاں بحق ہوئی ہیں ،اس دکھ کا اندازہ آپ سے زیادہ کوئی نہیں کرسکتا۔آپ میری بیٹیوں کی طرح ہیں ،آپ کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ گلشن اقبال پارک نے کئی گھرانوں کے پیاروں کو جدا کیا ہے ۔دہشت گردوں نے قوم کی بیٹیوں ،ماؤں، بہنوں اوربیٹوں کوبربریت کا نشانہ بنایاہے،انہیں معصوم انسانوں پر کیے گئے ظلم کا حساب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے درندے اپنے کیے کی سزا ضرور بھگتیں گے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک نے ہر آنکھ کو اشکبار کیاہے اور پوری قوم اس افسوسناک واقعہ پر ابھی تک دل گرفتہ ہے۔میں خود بھی ابھی تک اس افسوسناک واقعہ کے دکھ کو بھلا نہیں سکاہوں۔انہوں نے کہا کہ اس سانحہ نے ایک بار پھر پاکستانی قوم کے انسداد دہشت گردی کے عزم کو مزید پختہ کیا ہے ۔شہدا ء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو امن کا گہوارہ بنا کرپاک دھرتی کا قرض چکائیں گے۔آگ اور خون کا کھیل کھیلنے والے درندوں کا آخری ٹھکانے تک پیچھا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اورانتہاء پسندی پاکستان کا مقدر نہیں ۔دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اورانشاء اللہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آخری فتح پاکستان کے 18کروڑ عوام کی ہی ہوگی۔ اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن آصف اقبال چوہدری ‘آر پی محمد طارق چوہان ‘ڈی پی او سید باقر رضا اور ممبران اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ اور پیر خضر حیات شاہ کھگہ بھی موجود تھے ۔واضح رہے کہ نواحی گاؤں چک نمبر 86/6-R کے رہائشی دو خاندان سیر و تفریح کیلئے لاہور گئے تھے جہاں وہ گلشن اقبال پارک بم دھماکے کی زد میں آگئے جس میں 55 سالہ سکینہ بی بی اور 2 سالہ جویریہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی تھیں جبکہ باقی خاندان کے 30 سے زائدافراد زخمی ہو گئے تھے۔شدید زخمیوں کا لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں علاج جاری ہے جبکہ معمولی زخمی اپنے گھر پہنچ چکے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کمشنر ساہیوال آصف اقبال چوہدری کو متاثرہ خاندان کے لواحقین کو 10-10لاکھ روپے دینے کی ہدایت کی ۔وہ 30 منٹ کے مختصر دورے کے بعد واپس روانہ ہو گئے ۔
لاہور (جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ محمد پنجاب شہبازشریف سے یہاں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو(Mr.Thomas Drew)ے ملاقات کی۔اس موقع پربرطانوی ہائی کمشنرنے سانحہ گلشن اقبال پارک کی مذمت کی اورقیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔برطانوی ہائی کمشنر نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اوراظہار تعزیت بھی کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گلشن اقبال پارک تاریخ کا ایک بدترین واقعہ ہے ۔دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پوری پاکستانی قوم ایک بار پھر یکجااورمتحدہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اقوام عالم کامشترکہ مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کرنا ہے ۔پاکستان میں دہشت گردی اورانتہاء پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ۔ قائداعظم کے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لارہے ہیں۔برطانوی ہائی کمشنرتھامس ڈریونے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت اوراس کے عوام کیساتھ ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے برطانیہ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔