حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرے: سراج الحق

حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرے: ...

لاہور(خبر نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیاہے کہ حکومت اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کیلئے فوری اقدامات کرے تاکہ 2018کے انتخابات میں بیرون ملک مقیم ایک کروڑ پاکستانی حکومت سازی میں اپنا موثر کردار ادا کرسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نائب امیر جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس، جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ عبد الغفارعزیز ، سیکرٹری اطلاعات امیر العظیم اور اوور سیز پاکستانیوں کے امریکہ و برطانیہ اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک میں مقیم نمائندوں کے ہمراہ منصورہ میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملکی معیشت میں برآمدات کے بعد سب سے بڑا حصہ اوور سیز پاکستانیوں کی طرف سے بھجوایا گیا زرمبادلہ ہے جس کا حجم 18.4ارب ڈالر ہے،یہی زرمبادلہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ، مگر حکومت اپنا دن رات ایک کرکے خون پسینے کی کمائی ملک میں بھجوانے والوں کے مسائل سے بالکل لاتعلق ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانوں میں سفارشی بھرتیوں ،من پسند افراد کی تقرریوں اور بھاری رشوت کے عوض ہونے والی تعیناتیوں نے اوور سیز پاکستانیوں کو شدید پریشانی اور مشکلات سے دوچار کررکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے سب سے بڑا مسئلہ ان کے بچوں کی تعلیم کا ہے ،پاکستانی تعلیمی ادارے نہ ہونے کے برابر ہیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اوور سیز پاکستانیوں کیلئے ملک کے میڈیکل اور انجینئرنگ کالجز میں کوٹہ مقرر کیا جائے تاکہ ان کے بچے بھی آسانی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں ۔سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ اوور سیز پاکستانیوں کیلئے علیحدہ انڈسٹریل زون بنا کر انہیں اپنے کاروبار چلانے اور انڈسٹری لگانے کیلئے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ بیرون ملک محنت مزدوری کرنے والے بھی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرسکیں ۔

مزید : صفحہ آخر


loading...