تمام اضلاع میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں گے :عنایت اللہ

تمام اضلاع میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے چھوٹے ڈیمز بنائے جائیں گے ...

پشاور( پاکستان نیوز)خیبرپختونخوا کے سینئر صوبائی وزیر بلدیات ودیہی ترقی عنایت اللہ نے دیراپر اوردیر لوئر کے اضلاع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز،ضلعی ناظمین اور دیگر افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ مذکورہ اضلاع کی جامع ترقی کے لئے 10 سالہ ماسٹرپلان پرعملدرآمد یقینی بنائے۔ اس امر کا فیصلہ جمعرات کے روز پشاور میں ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت سینئر صوبائی وزیر بلدیات نے کی۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سید گل ،سیکرٹری ایریگیشن محمد نعیم خان، ڈی جی پی ڈی اے سلیم حسن وٹو، ڈپٹی کمشنر اپردیر ،ضلعی ناظمین اپردیر ولوئر دیر کے علاوہ متعلقہ ضلعی محکموں کے سربراہان اورافسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو صحت، تعلیم، زراعت ،جنگلات ،ایریگیشن ،انرجی سیکٹر، ہاؤسنگ، اور خصوصاً سیاحت کے شعبوں کے بارے میں تفصیلی طورپربریفنگ دی گئی اور اس سلسلے میں مفید تجاویز پیش کیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اپر دیر اورلوئر دیر میں سیاحت ،توانائی ،زراعت ،لائیوسٹاک ،ہاؤسنگ سیکٹر اورجنگلات کے شعبوں میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس پر جلداز جلد کام کیا جائے۔ سنیئر وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ا س ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے اور ماسٹر پلان کے تحت مذکورہ اضلاع کے تمام وادیوں میں بڑے پیمانے پر تعلیمی ادارے ،ہسپتال ، روڈز سیاحتی مقامات اورانڈسٹریل زونز بنائے جائیں گے جبکہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے چھوٹے چھوٹے ڈیمز بھی بنائے جائیں گے۔ جس سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے میں خاطر خواہ کمی آئیگی۔ اجلاس میں طبی علاج کے لئے استعمال ہونے والے مذکورہ اضلاع میں نایاب پودوں کی کاشت پر بھی زوردیاگیا۔

مزید : پشاورصفحہ اول


loading...