ملک کی خوشحالی کیلئے کالا باغ ڈیم تعمیر کیا جائے ،ڈاکٹرسلیم حیدر

ملک کی خوشحالی کیلئے کالا باغ ڈیم تعمیر کیا جائے ،ڈاکٹرسلیم حیدر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے نام نہاد قوم پرستوں کی جانب سے ہڑتال کی اپیل کو کراچی، حیدرآباد اور سندھ کے شہری علاقوں کے عوام نے مسترد کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ اب دہشت گردی اور دھونس و دھاندلی کی سیاست کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ اب مہاجر کسی جبر اور دھونس کی بنیاد پر نہ تو اپنا کاروبار بند کریں گے اور نہ ہی کسی سے خوفزدہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پاک چائنا اقتصادی راہداری کاآغاز کیا گیا ہے اسی طرح پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کا بھی آغاز کیا جائے۔ پاکستان پہلے ہی بجلی کے بحران کا شکار ہے جس کی وجہ سے ملک کی معیشت تباہ ہورہی ہے ، صنعتیں بند پڑی ہیں ، بیروزگاری میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں ترقیاتی منصوبوں کی حمایت وہاں کے عوام کرتے ہیں لیکن سندھ کے قوم پرستوں کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ جب بھی کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع کیا جائے یہ اپنی بلیک میلنگ کاآغاز کردیتے ہیں۔ پنوعاقل چھاؤنی کی تعمیر کے وقت بھی نام نہاد سندھی قوم پرست خون کی ندیاں بہانے اور لاشوں کے انبار لگانے کے دعوے کررہے تھے لیکن پنوعاقل چھاؤنی کی تعمیر کا سب سے بڑا ٹھیکہ ایک نام نہاد قوم پرست کے بھائی نے لیا۔ آج چھاؤنی کی وجہ سے پورے علاقے میں خوشحالی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کالاباغ ڈیم پر حکومت کو غیر معمولی ہمت اور جرات کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ یہ دیرینہ مسئلہ حل ہوسکے اور ملک میں تعمیروترقی کا دور دورہ ہو۔