مردان میں گجرات گرلز کالج کی منتقلی ،فیصلہ کی واپسی کیلئے 15دن کا الٹی میٹم

مردان میں گجرات گرلز کالج کی منتقلی ،فیصلہ کی واپسی کیلئے 15دن کا الٹی میٹم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مردان(بیورورپورٹ) ایکشن کمیٹی حلقہ پی کے 30کے عہدیداروں نے گجرات گرلز کالج کی منتقلی کے خلاف طبل جنگ بجاتے ہوئے فیصلے کی واپسی کے لئے 15دن کا الٹی میٹم دیاہے اور فیصلہ واپس نہ لینے کی صورت میں صوبائی وزیر تعلیم کی رہائش گاہ پر دھرنے سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا، جمعرات کے روز مردان پریس کلب میں جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری عماد اکبر حسان کے ہمراہ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین اورجنرل کونسلر شاہ خالد خان ، جنرل سیکرٹری یاسر علی ، یوتھ کونسلر صدام علی شاہ اورکمیٹی کے دیگر عہدیداروں مجاہد علی ،زوار حسین ،ملک خورشید ،سجاد علی نے بتایاکہ ڈیڑھ سال قبل حلقہ پی کے 30سے منتخب رکن اسمبلی اور وزیرتعلیم محمد عاطف خان نے گجرات میں گرلز ڈگری کالج کے قیام کا اعلان کیاتھا جس پر عوام بہت خوش تھے انہوں نے کہاکہ گرلز کالج کے لئے اراضی کی مختص ہونے کے ساتھ ساتھ پی سی ون بھی بنایاگیا اور تما م کاغذی کاروائی گجرات گرلز ڈگری کالج کے نام پرمکمل کرلی گئی تاہم اگست 2015میں سیاسی اثر ورسوخ پر راتوں رات کالج بخشالی منتقل کیاگیااوروہاں اراضی کے لئے سیکشن فور لگایاگیا جس پر عوام میں شدید غم وغصے کی لہر دوڑ گئی اوراس حوالے سے وزیرتعلیم کے ساتھ کئی ملاقاتیں کی گئیں انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت تعلیم عام کرنے کی دعوے کررہی ہے لیکن ہمارے علاقے کی بچیوں کو اس حق سے محروم رکھاجارہاہے جس کی کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہاکہ دیگر اراضیات کے علاوہ علاقہ گجرات میں 27کنال سرکاری اراضی موجود ہے جو تمام یونین کونسلوں کی پہنچ میں ہے اس لئے حکومت ان کے جائز مطالبے پر ہمدردانہ غور کریں بصورت دیگر علاقے کے عوام احتجاج پر مجبو رہوں گے اور احتجاجی تحریک کا آغاز وزیر تعلیم کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاجی دھرنے سے کیاجائے گاپریس کانفرنس میں جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری حماد اکبر حسان نے ایکشن کمیٹی کے مطالبات کو جائز قراردیتے ہوئے ان کی حمایت کا اعلان کیا ۔