جعلی بنک اکاؤنٹس کیس،خورشید انور جمالی کی درخواست ضمانت پر نیب پراسیکیوٹر کی غیر حاضری سے فیصلہ نہ ہوسکا
اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ میں جعلی بنک اکاؤنٹس کیس کے ملزم خورشید انور جمالی کی درخواست ضمانت پر نیب پراسیکیوٹر کی غیر حاضری کی وجہ سے فیصلہ نہ ہوسکا۔ منگل کو جعلی بنک اکاؤنٹس کیس کے ملزم خورشید انور جمالی کی درخواست ضمانت پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ درخواست ضمانت میں ایک گراؤنڈ کروونا وائرس کا خطرہ بھی تھا مگر سپریم کورٹ نے کل اسی گراؤنڈز پر کیس سماعت کے لیے مقرر کر رکھے ہیں، بہتر ہے سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرلیں، کیس کے میرٹ پر بھی آئندہ سماعت پر دلائل دے دیں گے، نیب پراسیکیوٹر نے بھی عدالت سے کہا کہ تفتیشی افسر بھی کراچی میں موجود ہیں بہتر ہے آئندہ سماعت پر دلائل سن لیں، ٹرانسپورٹ اور فلائٹس بند ہیں اس لیے تفتیش افسر پہنچ نہیں سکے، نیب عدالت میں رپورٹ جمع کروا چکے ہیں،یہ بہت ٹیکنیکل کیس ہے، جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ ٹیکنیکل کیس عام طور پر کمزور ہوتا ہے۔وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ٹیکنیکل کیس کی یہ صورتحال ہے تیرہ ماہ بعد بھی ریفرنس دائر نہیں کیا جاسکا تاہم عدالت نے کیس کی سماعت 7 اپریل تک ملتوی کردی
جعلی بنک اکاؤنٹس کیس